کراچی میں اومی کرون کا دوسرا کیس ،مریض قرنطینہ سے فرار
شیئر کریں
ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں اومی کرون کا دوسرا کیس سامنے آ گیا، جس کی محکمہ صحت کے ذرائع نے تصدیق کی ہے، تاہم مذکورہ شخص قرنطینہ سے فرار ہو گیا ہے۔محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق اومی کرون وائرس میں مبتلا 35 سالہ شخص برطانیہ سے کراچی پہنچا ہے۔محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے کیٹیگری سی اور اومی کرون والے ممالک پر سفری پابندی لگائی ہے، تاہم برطانیا کیٹیگری سی میں نہیں آتا۔ذرائع محکمہ صحت نے بتایا کہ رینڈم چیکنگ میں متعلقہ شخص میں پہلے کورونا وائرس اور بعد میں اومی کرون کی تصدیق ہوئی ہے۔محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کو محکمہ صحت نے ایئر پورٹ سے شاہراہِ فیصل پر واقع نجی ہوٹل منتقل کیا ہے، متاثرہ شخص میں جینوم سکوینسنگ کے بعد اومی کرون کی تصدیق ہوئی ہے۔ذرائع محکمہ صحت کے مطابق اومی کرون سے متاثرہ مذکورہ شخص ہوٹل کے قرنطینہ سے فرار ہو گیا ہے۔مذکورہ شخص کے فرار کے حوالے سے محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ قرنطینہ پر سیکیورٹی فراہم کرنا محکمہ داخلہ، پولیس اور متعلقہ ڈی سی کی ذمے داری ہے۔ذرائع محکمہ صحت کا مزید کہنا ہے کہ نجی ہوٹل میں اب بھی کورونا سے متاثرہ 19 افراد قرنطینہ میں ہیں، جنہیں سیکیورٹی اب بھی فراہم نہیں کی گئی۔محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ کورونا سے متاثرہ 19 میں سے 5 افراد کی جینوم سکوینسنگ ابھی ہونی ہے، جبکہ سیکیورٹی کی عدم فراہمی کے باعث اب تک 38 افراد قرنطینہ سے فرار ہو چکے ہیں۔