کراچی میں بھرپورترقیاتی کام کیے ،ضمنی اوربلدیاتی انتخابات بھاری اکثریت سے جیتیں گے ،صوبائی وزیرسعیدغنی کادعویٰ
شیئر کریں
ہمارے پاس مزید تیاری کے لئے ایک ماہ کا وقت ضمنی اور مزید ایک ہفتہ بلدیاتی انتخابات کے لئے ہے،وقارمہدی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ آنے والے 2 این اے کے حلقوں اور کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی بھرپور انداز میں الیکشن میں نہ صرف حصہ لے گی بلکہ ان دونوں انتخابات میں بھرپور کامیابی بھی حاصل کرے گی۔ پیپلزپارٹی کی موجودہ سندھ حکومت نے بلا کسی تعصب اور علاقوں کو دیکھے ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا ہے اور جلد ہی باقی مانندہ اے ڈی پی اسکیموں پر بھی کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔ بلدیاتی انتخابات میں جن جن یوسیز میں پیپلزپارٹی نے اپنے امیدوار نامزد کئے ہیں اگر کوئی ان کے خلاف پارٹی کا کارکن یا ذمہ دار آزاد حیثیت میں کھڑا ہے اس کو بٹھایا جائے گا بصورت دیگر اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کا اہم اجلاس صدر کراچی ڈویژن و وزیر محنت وافرادی قوت سندھ سعید غنی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری و معاون خصوصی وزیر اعلی سندھ وقار مہدی، ڈپٹی جنرل سیکریٹری سندھ و صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، جنرل سیکٹریری کراچی ڈویژن جاوید ناگوری، خواتین ونگ کی صدر ڈاکٹر شاہدہ رحمانی، تمام ڈسٹرکٹ کے صدور و جنرل سیکرٹریز، پیپلز لیبر بیورو، پیپلز ڈاکٹرز فورم، پیپلز اسٹوڈنس فیڈریشن، پیپلز یوتھ، پیپلز کشمیر ونگ، پیپلز لائرز فورم، پیپلز منارٹی ونگ کے صدور و دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ اجلاس کے آغاز پر شہید محترمہ بینظیر بھٹو، بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ نصرت بھٹو، سیلاب اور بارشوں سے جاں بحق ہونے والوں اور پارٹی سے تعلق رکھنے والوں کی ہلاکت پر فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس میں 16 اکتوبر کو کراچی کے دو حلقوں ملیر اور کورنگی میں ہونے والے این اے کے ضمنی انتخابات اور 23 اکتوبر کو کراچی ڈویژن میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعید غنی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات 23 اکتوبر کو جبکہ کراچی کے دو ضمنی حلقوں ملیر اور کورنگی میں 16 اکتوبر کو ہوں گے۔ سعید غنی نے کہا کہ ہمارے پاس مزید تیاری کے لئے ایک ماہ کا وقت ضمنی اور مزید ایک ہفتہ بلدیاتی انتخابات کے لئے ہے۔ وقار مہدی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ جن جن یونین کونسلز میں پارٹی کے خلاف جو جو امیدوار کھڑے ہیں اور ان کا تعلق یا تو پارٹی سے ہی ہے یا آزاد ہیں ان سے بات چیت کرکے ان کو اس بات پر آمادہ کیا جائے کہ وہ پیپلز پارٹی کے پرچم تلے ایک ہوجائیں۔