تعمیراتی لاقانونیت میں تیزی ، اورنگ زیب رضی بے قابو
شیئر کریں
لطیف آباد یونٹ نمبر 5، محبوب گراؤنڈ کے سامنے غیر قانونی کمرشل تعمیرات جاری
رہائشی پلاٹ پر کمرشل پلازہ تعمیر کرنے کا انکشاف، اینٹی کرپشن سے کارروائی کا مطالبہ
حیدرآباد میں تعمیراتی لاقانونیت تیزی سے جاری ہے،شہری حلقوں کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر اورنگ زیب رضی بے قابو ہو چکے ہیں۔لطیف آباد یونٹ نمبر 5میں محبوب گراؤنڈ کے سامنے واقع ایک رہائشی پلاٹ پر مبینہ طور پر غیر قانونی کمرشل تعمیرات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے ۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ تعمیرات کے آغاز سے ہی اس معاملے پر اینٹی کرپشن سمیت متعلقہ اداروں کو متعدد تحریری شکایات دی گئیں لیکن اس کے باوجود کسی بھی ذمہ دار ادارے نے مؤثر کارروائی نہیں کی، جس کے باعث تعمیراتی کام مسلسل جاری ہے ۔شہریوں کے مطابق اب عمارت کی فاؤنڈیشن تقریباً مکمل ہو چکی ہے اور خدشہ ہے کہ اگر فوری کارروائی نہ کی گئی تو چند ہی روز میں رہائشی پلاٹ پر کمرشل پلازہ تعمیر کر دیا جائے گا، جس سے علاقے کی رہائشی حیثیت مزید متاثر ہوگی۔علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ لطیف آباد میں رہائشی پلاٹس کو کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا مبینہ سلسلہ عرصہ دراز سے جاری ہے ۔ ان کا دعویٰ ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر اورنگزیب رضی، ان کے ماتحت بعض انسپکٹرز اور دیگر متعلقہ اہلکاروں کی مبینہ غفلت یا سرپرستی کے باعث غیر قانونی تعمیرات بلاخوف و خطر جاری ہیں۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لے ، کیونکہ متعدد شہری شکایات، تحریری درخواستوں اور اخبارات میں بارہا خبریں شائع ہونے کے باوجود اگر کارروائی نہیں کی گئی تو اس سے متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوالات جنم لیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بروقت قانونی کارروائی کی جاتی تو آج یہ تعمیر فاؤنڈیشن کی تکمیل تک نہ پہنچتی۔علاقہ مکینوں نے چیف سیکریٹری سندھ، چیئرمین اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ، ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، وزیر بلدیات سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ محبوب گراؤنڈ کے سامنے جاری اس مبینہ غیر قانونی تعمیر کی فوری تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ دار افراد اور اگر کسی سرکاری افسر یا اہلکار کی مبینہ سہولت کاری ثابت ہو تو اس کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور تعمیراتی کام فوری طور پر بند کرایا جائے ۔


