قانون کی خلاف ورزی کروں تو پولیس میرے خلاف ایکشن لے، عمران خان
شیئر کریں
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پولیس کا کردار کسی بھی ملک میں بہت زیادہ اہمیت رکھتا ہے جن ملکوں میں پولیس مستعدی اورایمانداری سے کام کرتی ہے وہاں خوشحالی آتی ہے ہمارے معاشرے میں انصاف و قانون کے فقدان سے ہم دنیا سے پیچھے رہ گئے ہیں ،پولیس قانون کی عملداری کو یقینی بنائے قانون کی عملداری طاقتور لوگوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا نام ہے۔ اگر میں بھی قانون کی خلاف ورزی کروں تو پولیس میرے خلاف بھی ایکشن لے ورنہ میں ایکشن لوں گا ۔ اسلام آباد میں ایگل اسکواڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ پولیس کا کام قانون کی عملداری یقینی بناناہے جن ملکوں میں پولیس مستعد اور ایمانداری سے کام کرتی ہے وہاں خوشحالی آتی ہے کمزور اورغریب طبقے کیلئے پولیس کے دل میں رحم ہونا چاہیے اور جو طا قتور قانون توڑتا ہے اس کے ساتھ سختی کرنی چاہیے۔ طاقتور کو قانون کے تابع بنانے سے ہی امن قائم ہوتا ہے ۔ امن اورخوشحالی کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔قانون کی عملداری کا مقصد نچلے طبقے کے لوگوںکوجیلوں میں ڈالنا نہیں ہے قانون کی عملداری طاقتور لوگوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا نام ہے۔ میں واضح کردینا چاہتا ہوںقانون سے بالاتر کوئی نہیں مجھ سمیت کوئی بھی قانون توڑے اس کے خلاف ایکشن لیا جائے اگر میں بھی قانون کی خلاف ورزی کروں تو میرے خلاف ایکشن لیں ورنہ میں ایکشن لوں گا۔