میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
مریم نواز اداروں کیخلاف بغاوت پر مبنی بیان بازی کر رہی ہیں، نیب

مریم نواز اداروں کیخلاف بغاوت پر مبنی بیان بازی کر رہی ہیں، نیب

ویب ڈیسک
بدھ, ۱۷ مارچ ۲۰۲۱

شیئر کریں

قومی احتساب بیورو (نیب ) نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے میڈیا میں لگائے گئے الزامات اور تشریحات پر مبنی رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے اپنی وضاحت جاری کر دی ۔ نیب ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مریم نواز کے خلاف نیب میں چوہدری شوگر ملز اور منی لانڈرنگ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے مقدمات زیر تحقیقات ہیں۔ نیب کی جانب سے انہیں ذاتی حیثیت میں طلبی پر ملکی فضا ء کو اشتعال انگیزی کی طرف راغب کرنے کی کوشش کے علاوہ قومی اداروں جیسے نیب معزز عدلیہ اور لا ء اینڈ آرڈر سے متعلقہ اداروں کے خلاف بغاوت سے لبریز بیان بازی کی جاتی رہی جس کا بنیادی مقصد نیب کا شریف خاندان کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کے مقدمات کی تحقیقات میں رخنہ ڈالنا اور ان پر اثر انداز ہونے کے علاوہ نقص امن کی صورتحال کو تقویت دینا رہا۔ مریم نواز مبینہ طور پر اس طرزعمل کی مدد سے اپنے خلاف جاری تحقیقات سے باقاعدہ روگردانی کرنے کی کوشش کرتی رہیں اور اس طرح دیگر قومی اداروں کو ایک دوسرے کے مد مقابل لا کھڑا کرنے کی فضا قائم کرنے کی سعی کی جاتی رہی۔مریم نواز نے مبینہ طور پر عوام میں اشتعال انگیز بیانات دیتے ہوئے لا ء اینڈ آرڈر کو چیلنج کیا جس کی واضح مثال گزشتہ سال اگست میں ان کی نیب لاہور میں پیشی کے وقت باقاعدہ منصوبہ کے تحت اوردانستہ طور پر پیدا کی گئی صورتحال تھی جب قومی ادارہ کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے پتھرا ئوکروایا گیا اور ایسی صورتحال پیدا کرتے ہوئے سکیورٹی اداروں کو بھی چیلنج کیا گیا جس کی ایف آئی آر درج ہے ۔بعد ازاں نیب کی جانب سے ملکی مجموعی سیاسی صورتحالمریم نواز کی سیاسی مصروفیات اور قومی مفاد ات کو مد نظر رکھتے ہوئے انہیں کچھ وقت کیلئے طلب نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے مستقل طور پر احتساب کے عمل کو چیلنج کیا جاتا رہا، اس دوران معزز عدالتوں اور انکے صادر فیصلوں کا مذاق اڑانے کی کوشش کی گئی۔ مختلف مواقع پر احتساب عدالتوں کے باہر جاری کئے گئے بیانات مبینہ طور پر شِدت پسندی کے منصوبہ کے عکاس ہیں۔ مریم نواز کے بیانات عوام میں اس جھوٹے تاثر کی ترویج کرنے کی سعی کے مترادف ہیں جس کے مطابق نیب کی طلبی اور پوچھ گچھ کوسیاسی رنگ میں رنگا گیا اورباقاعدہ منصوبہ کے تحت نیب اور عدلیہ جیسے ریاستی اداروں پر تنقید سے اصل معاملہ (نیب تحقیقات) سے رو گردانی کروائی گئی۔اس موقع پر نیب واضح کرنا ضروری سمجھتا ہے کہ مریم نواز کی جانب سے نیب کی معزز عدلیہ میں دائر درخواست پر انتہائی غلط انداز میں نا صرف تبصرہ کیا گیا بلکہ اصل حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی گئی۔ نیب ایک قومی ادارہ ہے جو اپنے تفویض کردہ مینڈیٹ کے مطابق انصاف اور میرٹ کی بنیاد پر آئینی و قانونی اقدامات سر انجام دینے پر یقین رکھتا ہے اور یہ اقدامات بلا تعطل جاری رکھے گا۔ نیب انسدادِ بدعنوانی کیخلاف جنگ کو قومی فریضہ سمجھ کر سر انجام دے رہا ہے۔ نیب کی کسی سیاسی پارٹی سے کسی قسم کی وابستگی نہیں جبکہ نیب کے تمام اقدامات پاکستان اور پاکستان کی عوام کی فلاح سے مشروط ہیں۔ میگا کرپشن کے تمام مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے اور نیب احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر قانون کے مطابق عمل پیرا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں