ایک شخص کو چوتھی بار مسلط کیا تو عوام نقصان اٹھائیں گے ، بلاول بھٹو
شیئر کریں
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر ایک شخص کو چوتھی بار مسلط کیا گیا تو عوام نقصان اٹھائیں گے ،معاشرے میں نفرت اورتقسیم کی سیاست چل رہی ہے ،یہ گالم گلوچ کی سیاست سے شروع ہوتے ہوئے ذاتی دشمنی کی سیاست تک پہنچ چکے ہیں،دہشت گردی جو سر اٹھارہی ہے اسے کاٹ دیں گے ، ملک کو آئینی اور سیاسی بحران سے نکالیں گے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی جمہوریت پریقین رکھتی ہے ، سازش کی جارہی تھی کہ ایک بار پھرون یونٹ قائم کیا جائے ،ہم نے مل کے اس سازش کوناکام بنایا، امیرالمومنین بننے کی سازشوں کوبھی ناکام کیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ان تمام قوتوں کا مقابلہ کیا جوعوام کے حق پرڈاکہ مارنا چاہتی تھیں۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ اگر فروری 8 کے الیکشن میں ایک بار پھر ایک شخص کو ہم پر وزیراعظم مسلط کیا جاتا ہے تو اس کا نقصان عوام اٹھائیں گے ، آپ نے میری آواز اور نمائندہ بن کر گھر گھر پہنچنا ہے ، میرا پیغام اور منشور پہنچانا ہے ، پی پی کو کامیاب کرانا ہے تاکہ ایسی حکومت بنائیں جو عوام کی حکومت ہو، نہ کہ وہ پرانے سیاستدانوں کی پرانی سیاست کی حکومت ہو۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم آپ کے لیے سوچتے ہیں، کام کرتے ہیں اور آپ کیلئے ہی قربانی دیتے ہیں، دیگر سیاستدان صرف اپنے لیے سوچتے ہیں۔پی پی چیئرمین نے کہا کہ ایک طرف معاشی بحران تو دوسری طرف سیاسی بحران ہے ،افغانستان کے حالات کے اثرات پاکستان کے عوام بھگت رہے ہیں،کسی کوکوئی احساس اورفکر نہیں کہ عوام کتنی تکلیف میں ہیں،ان کواندازہ نہیں کہ اسلام آباد میں کیے گئے فیصلوں کا اثرکیا ہوتا ہے ، ان فیصلوں کی وجہ سے پاکستان میں تاریخی مہنگائی، بیروزگاری اورغربت ہے ۔بلاول نے کہا کہ معاشرے میں نفرت اورتقسیم کی سیاست چل رہی ہے ،یہ گالم گلوچ کی سیاست سے شروع ہوتے ہوئے ذاتی دشمنی کی سیاست تک پہنچ چکے ہیں،دہشت گردی جو سر اٹھارہی ہے اسے کاٹ دیں گے، ملک کو آئینی اور سیاسی بحران سے نکالیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ کسی سیاست جماعت یا سیاستدان سے نہیں،ہمارا مقابلہ، غربت بیروزگاری اور مہنگائی سے ہے ۔