بلاول چورنگی کے قریب موٹر سائیکل سوار گاڑی پر مقناطیسی بم چسپاں کرکے فرار
شیئر کریں
کراچی میں چینی باشندوں کے خلاف دہشت گردی کی کارروائی ناکام بنادی گئی۔ بلاول ہاؤس چورنگی کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے چینی شہریوں کی گاڑی پر مقناطیسی بم چسپاں کیا، تاہم گاڑی میں موجود غیر ملکی شہریوں نے خطرے کو بھانپتے ہوئے فورا گاڑی ایک طرف کھڑی کرکے پولس کو اطلاع دی۔پولیس نے فوری پہنچ کر چینی عملے کو محفوظ کیا اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا۔ بی ڈی یو نے موقع پر پہنچ کر بم ڈیوائس کو مہارت کے ساتھ ناکارہ بنادیا۔پولیس کے مطابق چلتی ہوئی گاڑی میں میگنٹ بم چپکایا گیا تھا، مذکورہ گاڑی میں غیر ملکی سوار تھے، جنہیں محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے اور ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔پولیس کو بم کی اطلاع ون فائیو مددگار پر دی گئی تھی جس پر پولیس نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا تھا۔اس ضمن میں ایس ایس پی ساوتھ زبیر نذیر نے بتایا کہ کراچی کے علاقے کلفٹن میں پولیس کی جانب سے ناکارہ بنایا گیا بم چینی ریسٹورینٹ کے عملے کی چلتی گاڑی پر چسپاں کیا گیا تھا۔ گاڑی میں موجود لوگوں نے گاڑی کھڑی کر کے فوری طور پر مددگار 15 پولیس کو اطلاع دی، پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر عملے کو محفوظ کیا اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا۔ایس ایس پی کے مطابق سندھ پولیس کے بم ڈسپوزل یونٹ نے بم ڈیوائس کو ناکارہ بنا دیا، لگ بھگ ایک کلوگرام وزن کے برابر بم کا ریموٹ کے ذریعے دھماکا کرنا تھا مگر تیکینی خرابی کی وجہ سے بم پھٹ نہیں سکا۔انہوں نے بتایا کہ چینی ریسٹورینٹ کے عملے کی جانب سے بروقت اطلاع دیئے جانے پر دہشت گردی کی ممکنہ بڑی کارروائی ناکام بنا دی گئی، بم ڈسپوزل یونٹ مزید جانچ کے بعد بم کی تفصیلات سے آگاہ کرے گا۔ایس ایس ساوتھ زبیر نواز نے میڈیا کو بتایا کہ عینی شاہدین نے بیان دیا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان گاڑی پر ڈیوائس لگا کر فرار ہوئے، اس سلسلے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔