وطن واپسی کا پروگرام ملتوی، وزیرخزانہ اسحاق ڈار مستعفی، نئے نام پر غور
شیئر کریں
اسلام آباد (بیورورپورٹ)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزارت خزانہ کے قلم دان سے استعفی د یدیا ہے، تاہم وزیرا عظم شاہد خاقان عباسی نے ابھی تک ان کا استعفی قبول نہیں کیا ہے، اسحاق ڈار نے فوری طور پر وطن واپس آنے کا پروگرام بھی ملتوی کر دیا ہے اور ان کے ضامن احمد قدوسی بھی اچانک بیرون ملک چلے گئے ہیں اور جو جائیداد انہوں نے بطور ضامن ظاہر کی تھی، اس کی مالیت بھی پچاس لاکھ کی بجائے صرف آٹھ لاکھ روپے نکلی ہے۔ ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی کو بھجوا دیا ہے، تاہم وزیرا عظم اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کے حکم کے منتظر ہیں اور انہوں نے ابھی تک انھیں کوئی حکم نہیں دیا، تاہم اس وقت وزارت خزانہ کے معاملات کو وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی خود دیکھ رہے ہیں اور نئے وزیر خزانہ کے لیے احسن اقبال کے ساتھ ساتھ مفتاح اسماعیل کا نام لیا جا رہا ہے، اس حوالے سے متعدد بار وزیر اعظم کے ترجمان مصدق ملک سے رابطے کی کوشش کی گئی، مگر انہوں نے فون اٹینڈ نہیں کیا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ نواز شریف اور شہباز شریف خود بھی نہیں چاہتے کہ اسحاق ڈار وطن واپس آئیں، کیونکہ ان کے خلاف حدیبیہ پیپر ملز کیس کھل چکا ہے، جس میں وہ باقاعدہ ملزم قرار دے دیے گئے ہیں۔