کراچی کسی ایک سیاسی جماعت کی جاگیر نہیں ہے،شرجیل میمن
شیئر کریں
عوام بخوبی جانتے ہیں کہ کس نے اسے بوری بند لاشوں کے تحفے دیے،سینئر صوبائی وزیر
کراچی ملک کا معاشی حب اور سندھ کا دارالخلافہ ہے، خالد مقبول کے بیان پر سخت ردعمل
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا خالد مقبول صدیقی کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کراچی کے عوام بخوبی جانتے ہیں کہ کس سیاسی قوت نے اس شہر کو امن کا گہوارہ بنایا اور کس نے اسے بوری بند لاشوں کے تحفے دیے۔تفصیلات کے مطابق سندھ کے سینئر صوبائی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے حالیہ بیان پر سخت ترین ردِعمل کا اظہار کیا۔صوبائی وزیر نے ایم کیو ایم کی ماضی کی سیاست کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کراچی ملک کا معاشی حب اور سندھ کا دارالخلافہ ہے، یہ کسی ایک سیاسی جماعت کی جاگیر نہیں ہے۔سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم کی سیاست شروع ہونے سے پہلے کراچی میں دہشت گردی کا کوئی وجود نہیں تھا، بلکہ یہاں زندگی کی خوشبو ہوا کرتی تھی۔انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پہلے والا کراچی بھتہ خوری، بوری بند لاشوں اور لسانی تعصب جیسی لعنتوں سے پاک تھا، کراچی کے عوام بخوبی جانتے ہیں کہ کس سیاسی قوت نے اس شہر کو امن کا گہوارہ بنایا اور کس نے اسے بوری بند لاشوں کے تحفے دیے۔شرجیل میمن نے ایم کیو ایم کی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے دیرینہ اور سنگین مسائل شعبدہ بازیوں اور محض سیاسی نعروں سے حل نہیں ہوتے، بلکہ ان کے لیے خلوصِ نیت اور عملی اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت اس وقت کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے عملی طور پر میدان میں موجود ہے۔صوبائی وزیر نے سندھ حکومت کی کارکردگی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ، سڑکوں کے نیٹ ورک اور انفراسٹرکچر سمیت بڑے پیمانے پر اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کر رکھے ہیں۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ آج کراچی میں جو بھی مثبت تبدیلی اور ترقی نظر آ رہی ہے، وہ صرف اور صرف پیپلز پارٹی کی انتھک کوششوں اور وژن کا نتیجہ ہے۔


