حلقہ بندیوں کو درست کیے بغیر بلدیاتی انتخابات کرانا بے مقصد ہوگا، خالدمقبول صدیقی
شیئر کریں
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں کو درست کئے بغیر بلدیاتی انتخابات کرانا بے مقصد ہوگا، حالات کیسے بھی ہوں ہم انتخابات میں حصہ لیں گے، اگر ہمارے اعتراضات دور نہیں کئے گئے اور ہم نے بلدیاتی انتخاب کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا تو پی پی کو بھی فائدہ نہیں ہوگا، وہ لوگ آئیں گے جو خود پی پی کے لئے مسئلہ ہوں گے، انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی صورت حال پر حکومت نے جو بریفننگ دی ہے، وہ حوصلہ افزا ہے امید ہے پاکستان جلد معاشی بحران سے نکل آئے گا، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو فائدہ ملنا چاہئے،جمعرات کو ایم کیو ایم کے عارضی مرکز پر پرنٹ میڈیا سے غیر رسمی بات چیت میں انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں سمیت دیگر مسائل اور مطالبات پر توجہ نہیں دی گئی ہم اپنا فیصلہ کرنے میں آزاد ہوں گے، بلدیاتی انتخابات اختیارات کے بغیر ہوں گے اس سے مزید مسائل جنم لیں گے، اختیارات وقت کی ضرورت مقامی حکومتوں کو اختیارات ملنے چاہئے تاکہ شہریوں کے مسائل اور مشکلات دور ہوسکیں، حلقہ بندیوں میں ہمیں زبردستی پھنسایا گیا تاکہ ہماری توجہ دیگر مسائل سے ہٹ جائے،سوائے ایم کیو ایم کے کسی جماعت نے حلقہ بندیوں پر آواز بلند نہیں کی، کراچی ترقی کرے گا تو پورا ملک ترقی کرے گا،انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی اس بات کی ہے کہ جماعت اسلامی نے کراچی کی حد تک ہمارے نعروں کو گود لے لیا ہے، کراچی اور ملک کے دیگر شہروں کی جماعت اسلامی میں بہت فرق نظر آرہا ہے، خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ مردم شماری پر ہمارے مطالبات کو حکومت نے تسلیم کرلیا ہے، بہت جلد ڈیجیٹل مردم شماری پر کام شروع ہوجائے گا، امید ہے اس بار کراچی کی آبادی کو درست گنا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ہماری کوششوں سے کراچی میں جلد دو یونیورسٹی قائم ہوگی، جس میں خواتین یونیورسٹی بھی شامل ہے جس کے لئے اپوا کالج اور خاتون پاکستان میں سے ایک کا انتخاب کیا جائے گا، کے فور منصوبہ جلد مکمل ہوگا، انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں انتخابات جلد کرانا ہماری ذمے داری نہیں ، ایم کیو ایم نے کبھی اپنے منشور، اور منتخب نمائندوں کا سودا نہیں کیا، حالات کیسے بھی ہوں، ایم کیو ایم اپنی شناخت نشان، اور نام پر حصہ لے گی اسے تبدیل نہیں کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پر آج بھی سیاسی سر گرمیوں پر پابندی ہے، مہاجروں کے قاتل آج تک نہیں پکڑے گئے،انہوں نے کہا کہ 18دسمبر کو کراچی میں ریکارڈ ساز کنونشن ہماری جماعت کے تحت منعقد ہوگا، خواتین ہماری جماعت کا قابل احترام اور فعال حصہ ہیں۔