نہیں چاہتے اسمبلی کا اختیار عدالتوں میں جائے ،پرویز خٹک
شیئر کریں
وزیر دفاع پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ ان کی کوشش ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تقرریوں سمیت قانون سازی سے متعلق اپوزیشن کی مشاورت سے فیصلہ ہوجائے ، اپنا اختیار خود استعمال کرنا چاہتے ہیں۔نوشہرہ کے علاقے وزیر آباد میں سوئی گیس افتتاح کے موقع پر کارکنوں سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر اور ممبران الیکشن کمیشن سمیت اہم قانون سازی سے متعلق اپوزیشن سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ اسمبلی کا اختیار عدالتوں میں جائے ہم اپنا اختیار خود استعمال کرنا چاہتے ہیں ۔پرویز خٹک نے کہا کہ معلوم نہیں کہ مولانا فضل الرحمن کے پاس کونسی دوائی ہے کہ وہ کہہ رہے ہیں کہ اس مہینے حکو مت ختم ہوجائے گی یہ ناممکن بات ہے کہ کوئی بھی آکر حکومت گرادے ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو کچھ دنوں میں پتہ لگ جائے گا کہ ان کے اپنے ہی ممبران ان سے جا رہے ہیں۔