نوازشریف اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے پر رضامند
شیئر کریں
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا نوازشریف سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان قومی اسمبلی کے جاری بجٹ اجلاس اور اپوزیشن کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال ہوا۔ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی نے نوازشریف کو بلاول بھٹو سے ملاقاتوں پر بھی اعتماد میں لیا۔شہباز شریف نے بتایا کہ پیپلزپارٹی اور اے این پی بجٹ منظوری رکوانے ہمارے ساتھ چلنا چاہتی ہیں۔ پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد سے حکومتی عزائم ناکام بنائے جاسکتے ہیں۔انہوں نے اپنے قائد کو بلاول بھٹو کیساتھ ہونے والی ملاقاتوں پر بھی اعتماد میں لیا ہے۔اطلاعات ہیں کہ نوازشریف نے اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنے کی شہباز شریف کی تجویز مان لی ہے۔نوازشریف نے ہدایت دی کہ اجلاس میں حکومت کو ٹف ٹائم دیا جائے یہ عوام دشمن بجٹ ہے۔ مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نے بجٹ اجلاس کے دوران ن لیگی اراکین اسمبلی کو ایوان میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔دونوں رہنماؤں میں اتفاق ہوا کہ پی ڈی ایم کی سیاست اور فیصلوں کو پارلیمنٹ میں تعاون پر اثر انداز نہیں ہونے دیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ نوازشریف قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے بعد ن لیگ کے سینئر رہنماؤں سے بھی مشاورت کریں گے۔