بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائیگا،صدر،وزیراعظم
شیئر کریں
وزیرداخلہ کا بارکھان میںجامِ شہادت نوش کرنے والے میجر توصیف احمد بھٹی اور دیگر کو سلام عقیدت پیش
قوم بہادر شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو یاد رکھے گی، شہداء کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا
صدرِ مملکت آصف علی زرداری،وزیراعظم شہبازشریف اوروفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ضلع بارکھان کے علاقے نوشم میں فتنہ ہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کارروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر توصیف احمد بھٹی اور دیگر کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے وطنِ عزیز کے امن، سلامتی اور دفاع کیلئے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ قوم اپنے بہادر شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، صدرِ مملکت نے شہداء کے درجات کی بلندی، اہلِ خانہ کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کی انہوں نے کہا کہ فتنہ ہندوستان اور ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے نوشام، بارکھان بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن اور فتنہ الہندوستان کے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کی۔ وزیرِاعظم نے آپریشن کے دوران ارض وطن کی حفاظت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر توصیف احمد بھٹی شہید، نائیک فدا حسین شہید، سپاہی ذاکر حسین شہید، سپاہی سہیل احمد شہید اور سپاہی محمد ایاز شہید کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیرِ اعظم نے شہداء کی بلندی درجات اور انکے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی، شہداء کے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کیا، وزیراعظم نے کہا کہ وطن کے عظیم سپوتوں نے دہشتگردوں سے ملک کی حفاظت کے دوران عہد وفا کی عظیم مثال قائم کی۔ محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہدا کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکار ارض وطن کی حفاظت میں دن رات مصروف عمل ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وطن عزیز کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں مجھ سمیت پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بارکھان میں دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر توصیف احمد اور 4 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا،وزیرداخلہ محسن نقوی نے میجر توصیف احمد اور دیگر شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے کہاکہ میجر توصیف احمد اور جوانوں نے بہادری کے ساتھ 7 خوارجیوں کو جہنم واصل کیا۔میجر توصیف احمد اور جوانوں نے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ میجر توصیف احمد اور دیگر شہداء کی قربانی کو سلام پیش کرتا ہوں۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ شہداء کے خون کا ایک ایک قطرہ وطن کے تحفظ کی ضمانت ہے۔


