
ملکی بحران کا حل موجودہ حکومت کی رخصتی میں ہے(محمود خان اچکزئی)
شیئر کریں
آج اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے فیملی ممبرز کو بھی ملنے کی اجازت نہیں دی گئی
بلوچستان میں 5 روپے فی یونٹ والی بجلی 55 روپے میں دی جا رہی ہے،پریس کانفرنس
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیٔرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ آج اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے فیملی ممبرز کو بھی ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔خطے کی صورتحال پاکستان، افغانستان، ایران سمیت یہاں کے حکمرانوں کے لیے امتحان ہے۔ بلوچستان کے ساتھ تماشہ کیا جا رہا ہے۔ 5 روپے فی یونٹ والی بجلی 55 روپے میں دی جا رہی ہے۔ملکی بحران کا حل موجودہ حکومت کی رخصتی میں ہے۔پاکستان تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے اور موجودہ حکومت کو گرانا اب ناگزیر ہوچکا ہے۔ کوئٹہ میں پارٹی کی مرکزی ایگزیکٹو اور سینٹرل کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہاکہ یہ حکمرانوں کے لیے امتحان ہے کہ کس طرح حالات سے نبرد آزما ہونا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حالت نازک ہے، یہاں 10 سے 12کروڑ عوام غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، ملک کتنے ارب ڈالرز کا مقروض ہے۔ محمود خان اچکزئی نے مطالبہ کیا کہ جن افراد کے وسائل ان کی آمدنی سے زیادہ ہیں ان کے اثاثے ضبط کیے جائیں اور قوم کو لوٹی گئی دولت واپس دلائی جائے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا زیادہ تر بجٹ قرضوں کی ادائیگی اور دفاع پر خرچ ہو رہا ہے۔ پشتونخوا میپ کے چیٔرمین نے کہا کہ جنہوں نے ملک میں اپنی وفاداریاں نہیں بیچیں وہ زیرِ عتاب ہیں، جمہوریت پر یقین رکھنے والوں کو موجودہ حکومت سے رابطے نہیں رکھنے چاہئیں، حالات کا تقاضا ہے کہ ہم سب کو مل کر موجودہ حکومت کو گرانا ہے۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ایران میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کا تقاضہ ہے کہ ہمارے ملک میں ملی یکجہتی ہو، پاکستان میں ملی اتحاد ضروری ہے، یہ تب تک نہیں ہو سکتا جب تک موجودہ حکومت قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام میں یہ طاقت ہے کہ وہ اس ملک کو چلا سکتے ہیں، ہر صوبے کا اس کے وسائل پر حق ہوناچاہیے۔ پشتونخوا میپ کے چیٔرمین نے کہا کہ ملک میں آئین بالادست ہونا چاہیے، اگر کوئی آئین کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اسے سزا ملنی چاہیے۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہمیں جمہوریت سے پیار ہے، نواز شریف نے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ دیا تھا۔ انہوںنے کہا آج اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے فیملی ممبرز کو بھی ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ محمودخان اچکزئی نے کہا کہ جان بوجھ کر ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے جایا جا رہا ہے، بلوچستان کے ساتھ تماشہ کیا جا رہا ہے۔ 5 روپے فی یونٹ والی بجلی 55 روپے میں دی جا رہی ہے۔ محمود خان اچکزئی کے مطابق اب بھی عدلیہ، میڈیا اور عوام میں ملک کو بچانے کی صلاحیت موجود ہے، بس اس کا درست استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔