سندھ بلڈنگ، ڈی جی مزمل حسین ہالیپوٹو غیر قانونی تعمیرات روکنے میں ناکام
شیئر کریں
صدر ٹاؤن کی مخدوش عمارت پر آٹھویں منزل تعمیر،انسانی جانوں کو شدید خطرات
ڈپٹی ڈائریکٹر قمر قائم خانی کی مبینہ ملی بھگت شامل ، بھاری رشوت لینے کے الزامات
ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی مزمل حسین ہالیپوٹو غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔ضلع جنوبی کے علاقے صدر ٹاؤن-1 میں واقع پلاٹ نمبر 66، شیٹ H.V-2، ہری چند رائے کوارٹر میں غیر قانونی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے ،
جہاں ایک مخدوش عمارت پر آٹھویں منزل کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق آصف بیلچ نامی ٹھیکیدار نے بغیر کسی منظور شدہ نقشے یا اجازت نامے کے اس خطرناک تعمیر کو انجام دیا۔جرأت سروے ٹیم کو حاصل اطلاعات کے مطابق اس غیر قانونی عمل میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر قمر قائم خانی کی مبینہ سرپرستی شامل ہے ، جن پر الزام ہے کہ انہوں نے ٹھیکیدار سے بھاری رشوت لے کر اس غیر قانونی فلور کی تعمیر کی اجازت دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تقریباً 20لاکھ روپے کے عوض اس غیر قانونی سرگرمی کو کھلی چھوٹ دی گئی۔علاقہ مکینوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخدوش عمارت پر مزید بوجھ ڈالنے سے کسی بھی وقت بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے، جس سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہو سکتا ہے ۔
شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نوٹس لے کر ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور غیر قانونی تعمیر کو مسمار کیا جائے تاکہ کسی سانحے سے بچا جا سکے ۔


