نیوکراچی میں پولیس ہیڈ کانسٹیبل کی ٹارگٹ کلنگ
شیئر کریں
جج کے ساتھ تعینات پولیس کانسٹیبل کو نامعلوم مسلح افراد نے گھات لگا کر قتل کردیا اور فرار ہو گئے۔پولیس کے مطابق نیوکراچی میں گھات لگائے نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے ہیڈ کانسٹیبل کوقتل کردیا۔ شہید اہل کار سکیورٹی ون میں تعینات تھااورایک جج کے ساتھ بحیثیت گن من فرائض انجام دے رہا تھا۔ایس ایس پی سینٹرل نے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیا ہے۔ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق شہید ہیڈ کانسٹیبل کو منگل کی صبح ڈیوٹی پرجانے کے لیے گھرسے نکلتے ہی گھات لگائے نامعلوم مسلح ملزمان نے نشانہ بنایا۔ پولیس کوجائیوقوع سے 9 ایم ایم پستول کے 2 خول ملے ہیں، جنہیں پولیس نے اپنے قبضے میں لے کر واقعے کی مختلف پہلوئوں پر تفتیش شروع کردی ہے۔بلال کالونی تھانے کے علاقے نیوکراچی سیکٹرفائیوایم نازیہ اسکوائرکے قریب ٹارگٹ کلنگ میں شہید 48 سالہ پولیس کانسٹیبل وحید ولد طارق پرویز کے سر پر گولی لگی، جسے شدید زخمی حالت میں اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔فائرنگ کے واقعے کی اطلاع پرایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی ، ایس پی نیو کراچی فیصل نوراوردیگر پولیس افسران موقع پر پہنچے اورفوری طور پرکرائم سین یونٹ کو طلب کیا گیا۔ جائے وقوع کو سیل کرکے شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں۔پولیس حکام نے بتایا کہ جس وقت شہید ہیڈ کانسٹیبل پرفائرنگ کی گئی اس وقت وہ سادہ لباس میں تھا۔