میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
چینی انجینئر پر حملے کے ماسٹر مائند کو گرفتار کرنے کا دعویٰ

چینی انجینئر پر حملے کے ماسٹر مائند کو گرفتار کرنے کا دعویٰ

ویب ڈیسک
منگل, ۱۲ نومبر ۲۰۲۴

شیئر کریں

وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ کے قریب چینی انجینئرز پر خودکش حملے کے ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کرلیا گیا۔آئی جی سندھ غلام نبی میمن کے ہمراہ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرداخلہ سندھ نے کراچی ایئرپورٹ پر چینیوں کے قافلے پر خودکش حملہ کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ حملے میں 2چینی انجینئرز سمیت تین افراد ہلاک جبکہ 11 زخمی ہوئے ، حملے کی ذمے داری کالعدم تنظیم بی ایل اے نے قبول کی۔وزیرداخلہ سندھ نے بتایا کہ خود کش حملہ آور کا نام شاہ فہد تھا، اس نے جونہی ہینڈ بریک کھینچا، گاڑی دھماکے سے پھٹ گئی، اس کا دھڑ اور ایک ہاتھ باقی رہا باقی جسم ختم ہوگیا، ہاتھ کے فنگر پرنٹ سے اس کی شناخت ہوئی، سی سی ٹی وی سے بھی خودکش بمبار اور دو سہولت کاروں کی پہچان ہوئی، جائے وقوعہ سے حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی کے چیسز کا ٹکرا بھی ملا۔انہوں نے کہا کہ حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی شوروم سے 71 لاکھ روپے میں خریدی گئی، رقم حب کے علاقے سے بینک ٹرانسفر کی گئی تھی، فیصل علی کے بینک اکاؤنٹ سے رقم منتقل ہوئی، ایکسائز ڈیٹا سے معلوم ہوا کہ فرحان اور شریف گاڑی کی خریداری میں شامل تھے ، خودکش حملہ آور خود بھی گاڑی خریدنے کے لئے ساتھ گیا تھا۔سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ خود کش بمبار کے سہولت کار سامنے آئے ، دہشت گردوں کی فناسنگ میں بلال نامی بینک ملازم سمیت 2 افراد ملوث رہے ۔انہوں نے کہا کہ گاڑی حب سے آگے کہیں گئی جہاں اس میں بارودی مواد فٹ کیا گیا، بارودی مواد میں آر ڈی ایکس اور پینٹ نامی مواد شامل تھا، جس کا وزن 30 سے 40 کلو گرام تھا، جرمنی میں دوسری جنگ عظیم میں یہ بارودی مواد استعمال ہوا تھا۔وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے چیکنگ سے بچنے کے لیے خاتون کو کار میں بٹھایا، گل نساء نامی خاتون کی مدد سے دہشت گرد بارود سے بھری گاڑی شہر میں لے کر داخل ہوئے ، خاتون کو بھی گرفتار کیا جاچکا ہے ، جس سے تفتیش جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ حملے کا مرکزی ملزم جاوید نامی شخص ہے جو سارے معاملات دیکھتا رہا، اسی نے ریکی بھی کی اور ایئرپورٹ سے چینی شہریوں کو نکلنے کی اطلاع بھی اسی نے فون پر دی، حملے میں تین ملزمان گرفتار ہیں جبکہ تین ملزمان دانش، گل رحمان اور بشیر زید مفرور ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جاوید نامی ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے شناخت کیا گیا، جاوید مین ہینڈلر ہے جس نے ریکی کی، اسی نے فریئر ہال کے سامنے ہوٹل کے قریب سے آخری ویڈیو بناکر بھیجی، 9 بجے کے بعد ملزم جاوید ائیر پورٹ کے علاقے میں پیدل گیا تھا، جاوید نے ہی چائنیز کی ائیر پورٹ سے باہر نکلنے کی اطلاع دی، اسے گرفتار کرلیا گیا ہے ۔وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ گل رحمان نامی کردار بی ایل اے کو ہیڈ کررہا ہے ، بشیر زیب بیرون ملک میں موجود ہے اور بی ایل اے کو چلا رہا ہے ، دانش نامی سہولت کار کے تعاقب میں بھی سی ٹی ڈی اور دیگر ادارے کام کررہے ہیں، ایک کردار وشنے نام کا سامنے آیا ہے جو اب تک ایک فرضی نام معلوم ہوتا ہے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں