اسرائیل اور بحرین امن معاہدے کیلئے رضا مند ٹرمپ کا اعلان
شیئر کریں
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے بعد ایک اور عرب ملک بحرین نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ جس کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ آج ایک اور تاریخی پیشرفت ہوئی ہے، ہمارے دو بہترین دوست اسرائیل اور بحرین امن معاہدے کے لیے رضا مند ہو گئے ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم بنیا من نیتن یاہو اور بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ ٹویٹر پر انہوں نے مزید لکھا کہ بحرین 30 روز کے دوران اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے والا دوسرا عرب ملک ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق بحرین اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) 15 ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں اسرائیل کے ساتھ معاہدے پر دستخط کریں گے۔ اس سے قبل اسرائیل اور عرب ممالک کے درمیان قربتیں بڑھنے لگیں، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اسرائیل کیساتھ تعلقات استوار کر لیے تھے۔ یو اے ای اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدہ ہوا تھا۔ برطانوی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق یہ معاہدہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تعاون سے ہوا، معاہدے کے مطابق اس کے نتیجے میں اسرائیل مقبوضہ غرب اردن کے مزید علاقے اسرائیل میں ضم کرنے کے منصوبے کو معطل کر دے گا۔