میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بلدیہ ٹاؤن ، بھتا نہ دینے پر ریسٹورنٹ پر اندھا دھند فائرنگ، تاجروں میں تشویش

بلدیہ ٹاؤن ، بھتا نہ دینے پر ریسٹورنٹ پر اندھا دھند فائرنگ، تاجروں میں تشویش

جرات ڈیسک
هفته, ۱۱ جولائی ۲۰۲۶

شیئر کریں

موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان جدید اسلحے سے متعدد فائر کرنے کے بعد فرار ،سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر

غیر ملکی نمبر سے واٹس ایپ پر ماہانہ ایک لاکھ روپے بھتے کا مطالبہ، انکار پر حملہ؛ پولیس کی تحقیقات شروع

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

(رپورٹ افتخار چوہدری) کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن سیکٹر 9-ڈی میں مبینہ بھتہ نہ دینے پر نامعلوم مسلح افراد نے ایک نجی ریسٹورنٹ پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

واقعے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم فائرنگ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر لی ہیں۔

پولیس کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح ملزمان ریسٹورنٹ کے باہر پہنچے اور جدید اسلحے سے متعدد فائر کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔ جائے وقوعہ سے چار سے زائد گولیوں کے خول برآمد کیے گئے ہیں، جبکہ ابتدائی تحقیقات میں واقعہ مبینہ طور پر بھتہ خوری سے متعلق معلوم ہوتا ہے۔

تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ریسٹورنٹ کے مالک کو چند روز قبل ایک غیر ملکی نمبر سے واٹس ایپ کے ذریعے پیغام موصول ہوا تھا، جس میں ماہانہ ایک لاکھ روپے بھتے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق پیغام میں مطالبہ پورا نہ کرنے کی صورت میں کاروبار کو نقصان پہنچانے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئی تھیں۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی ہے، جس میں دو مسلح افراد کو ریسٹورنٹ پر اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ایک دوسری فوٹیج میں مبینہ طور پر یہی ملزمان فائرنگ سے قبل قریبی سپر اسٹور میں داخل ہو کر لوٹ مار کرتے ہوئے بھی دکھائی دیتے ہیں۔ پولیس ان فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔

دوسری جانب کراچی موبائل اینڈ الیکٹرانک ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد منہاج گلفام نے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ ٹاؤن اور گردونواح میں بھتہ خوری اور مسلح وارداتوں میں اضافہ تاجروں کے لیے باعث تشویش بنتا جا رہا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور تاجروں و کاروباری مراکز کو مؤثر سیکیورٹی فراہم کی جائے تاکہ کاروباری برادری بلا خوف و خطر اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکے۔

پولیس حکام نے کہا کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ شواہد کی روشنی میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں