بحریہ ٹائون نے قبضے کیلئے حدودمیں آنے والے گوٹھ کربلابنادیے، مکین بوندبوندپانی کوترس گئے
شیئر کریں
(رپورٹ: شعیب مختار) بحریہ ٹاؤن کی انتظامیہ نے اپنی حدود میں آنے والے مختلف گوٹھوں پر قبضے کاانوکھا حربہ اپنا لیا معاہدے کے تحت پانی کی فراہمی سے منہ پھیر لیا گیا ارباب گبول گوٹھ کے مکینوں کو لکھے گئے خط کا جواب 5ماہ بعد بھی تاحال نہ مل سکا علاقہ مکین پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔ تفصیلات کے مطابق بحریہ ٹاؤن کرچی کی جانب سے اطراف کے گوٹھوں کی پانی کی لائنوں پرقبضے کے بعد ٹینکر کی فراہمی کے معاہدے سے منہ پھیر لیا گیا ہے جس کی بنیادی وجہ انتظامیہ کی مذکورہ گوٹھوں کی زمینوں پر بد نیتی بتائی جاتی ہے اس ضمن میں ارباب گبول گوٹھ کو پانی کی فراہمی معطل کر دی گئی ہے جس سے وہاں کے رہائشیوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ گوٹھ کے ایک رہائشی کا روزنامہ جرت سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چند ماہ قبل ان کی جانب سے بحریہ ٹاؤن کی انتظامیہ کو ایک خط بھی لکھا گیا تھاجس میں پانی کی فراہمی کی درخواست کی گئی تھی تاہم کئی ماہ گزر جانے کے باجودبھی انہیں کسی قسم کا کوئی ریلیف نہیں مل سکا ہے جس نے انتظامیہ کے مذموم مقاصد کا پردہ چاق کر دیا ہے۔واضح رہے بحریہ ٹاؤن کی جانب سے طویل عرصے سے ارباب گبول گوٹھ کی زمینوں پر قبضے کی کوششیں جاری ہیں اس ضمن میں چند روز قبل انتظامیہ اور گوٹھ کے مکینوں میں تصادم کی صورتحال بھی دیکھنے میں آئی ہے ملک ریاض مذکورہ گوٹھ سے متصل قبرستان پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں جسے بحریہ ٹاؤن کی انتظامیہ کی جانب سے تعمیراتی کام کی غرض سے مارک کیا جا چکا ہے۔