شہر قائد میں چند منٹ کی بارش سے سڑکوں پر پانی جمع
شیئر کریں
کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش کے بعد موسم خوش گوار ہوگیا ہے ، چند منٹ کی بارش سے شارع فیصل پر ناتھا خان پل سے ایئر پورٹ کی طرف جانے والی سڑک کے علاوہ شہر کی کئی سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہو گیا۔جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، بعد میں مشینری کے ذریعے پانی نکالا گیا۔شہر میں پچھلے سال دسمبر سے اب تک معمول کے مطابق بارش نہیں ہوئی تھی، بارش سے کراچی کی فضائیں بھی صاف ہو گئی ہیں۔کراچی کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش کے بعد گزشتہ رات بھی کچھ دیر تک بارش ہوئی۔ڈرگ روڈ ،شارع فیصل،گرومندر، جہانگیر روڈ، لائنز ایریا، گولیمار، گرین لائن بس کے ٹریکٹ اور دیگر مقامات پر پانی جمع ہوگیا، کئی علاقوں میں پانی کے جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔
شہری انتظامیہ کی جانب سے کئی جگہوں سے مشینوں کے ذریعے پانی نکالا گیا جس کے بعد ٹریفک کی روانی معمول پر آئی۔بارش کے ساتھ ہی شہر کے مختلف علاقوں میں کے الیکٹرک کے فیڈر ٹرپ کر جانے کے باعث بجلی کے فراہمی معطل ہوگئی۔متاثرہ علاقوں میں نارتھ کراچی، ناگن چورنگی، یوپی موڑ، بلدیہ، سائٹ، اورنگی، گلشن اقبال، پی ای سی ایچ ایس، لیاقت آباد سی ون ایریا، شاہ فیصل کالونی، گلستان جوہر اور دیگر علاقے شامل ہیں جہاں بارش کی پہلی بوند کے ساتھ ہی بجلی غائب ہوگئی۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق تمام متاثرہ علاقوں میں بجلی بحال کی جا چکی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغرب سے آنے والا سسٹم بارش کا باعث بنا، بارش ہونے سے شہر کی فضابھی صاف ہوگئی اور آلودگی کی مقدار معتدل درجے پر آگئی۔سمندری ہوائیں چلنے سے موسم سرد ہوگیا، تین ڈگری سینٹی گریڈ کمی سے درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے ۔پیر کوصبح ہوامیں نمی کاتناسب 85فیصدرہا جب کہ حد نگاہ 3کلومیٹر تھی۔سب سے زیادہ 7ملی میٹر بارش لانڈھی میں ہوئی۔صدر میں ڈیڑھ، فیصل بیس2جب کہ مسرور بیس پر ایک ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔