لانگ مارچ آج سے پھرشروع
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان نومبر کے تیسرے ہفتے راولپنڈی میں ہوں گے۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کا حقیقی آزادی مارچ (آج) جمعرات سے دوبارہ شروع ہو گا۔انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ اور لاہور ڈویژن کے ذمے داران کی میٹنگ ہو گی۔فواد چوہدری نے کہا کہ راولپنڈی پہنچنے کی تاریخ میں اب کوئی توسیع نہیں ہو گی۔علاوہ ازیں پارٹی چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کو اسی مقام سے دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا جہاں ان کے قافلے پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے تھے تاہم پی ٹی آئی کے مقامی ذرائع اور انتظامیہ نے کہا کہ لانگ مارچ کو ظفر علی خان چوک کے بجائے حملے کے مقام سے چند گز کے فاصلے پر واقع کچہری چوک سے دوبارہ شروع کیا جا سکتا ہے۔پارٹی کے سینئر عہدیدار نے بتایا کہ جی ٹی روڈ کا وہ حصہ جہاں عمران خان کا کنٹینر کھڑا تھا اسے جائے وقوع قرار دے دیا گیا ہے اور اس وقت سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں نے اسے گھیرے میں لے رکھا ہے، اس لیے عوامی اجتماع اب وزیر آباد سیالکوٹ روڈ کے کچہری چوک پر ہوگا، انہوں نے مزید کہا کہ مارچ کی قیادت کے لیے پارٹی کے سینئر رہنماں کی نگرانی میں نیا کنٹینر تیار کیا جا رہا ہے۔ایک سینئر انتظامی افسر کے مطابق وزیر آباد سے مارچ کے شرکا سیالکوٹ پہنچیں گے جہاں ایک اور ریلی نکالی جائے گی، مارچ کے شرکا گجرات کی جانب بڑھنے سے قبل 2 روز سیالکوٹ میں قیام کرسکتے ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ ابھی تک مارچ کی گجرات آمد کے شیڈول کو حتمی شکل نہیں دی جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے وزیرآباد میں از سر نو سیکیورٹی انتظامات شروع کر دیے ہیں۔