فورسز کا شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں آپریشن،4 دہشت گرد ہلاک
شیئر کریں
سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردوں کا صفایا کرنے کیلئے کوشاں، امن دشمنوں کیخلاف شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں آپریشن کیا، آپریشن کے دوران دہشتگردوں کیساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں سرگرم رہے، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھی دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا، کلیئرنس آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے ٹھکانے سے فرار ہونے کی کوشش کی اور سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کردی، اسی دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے دہشتگرد ندیم اور شہزاد عالم مارے گئے، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد خاران اور گردونواح میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر آئی ای ڈی نصب کرنے کے علاوہ دیگر واقعات میں ملوث تھے، دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، دہشتگرد یہ اسلحہ اورگولہ بارود امن و امان میں خلل ڈالنے کے لیے استعمال کرنا چاہتے تھے، ترجمان پاک فوج نے واضح کیا ہے کہ سکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔