شادی ہال مالکان کا ملک بھر میں احتجاج کا اعلان
شیئر کریں
شادی ہال ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں ایک ساتھ احتجاج کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق شادی ہال مالکان ایسوسی ایشن نے ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں شادی ہال کھولنے کے معاملے پر ملک بھر کے نمائندگان سے مشاورت کی گئی اور شادی ہالز کھولنے کی اجازت نہ ملنے پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا، جب کہ احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے سمیت ملک بھر میں احتجاج کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں۔13 جولائی کو ملک بھر میں ایک ساتھ احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے شادی ہال ایسوسی ایشن کے صدر رانا رئیس کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے پریس کلب کے باہر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان کے تمام شہروں میں شادی ہال مالکان ریلیوں کی شکل میں پریس کلب جائیں گے، ہمارے مظاہرے میں ملک بھر سے لاکھوں افراد شرکت کریں گے۔رانا رئیس کا کہنا تھا کہ حکومت کو بار بار درخواست کے باوجود ہماری کوئی شنوائی نہیں ہورہی، جس کے بعد ملک بھر میں ایک ساتھ احتجاج کی حکمت عملی بنائی ہے، ہم پرامن احتجاج کرکے حکومت سے ہالز کھولنے کا مطالبہ ایک مرتبہ پھر کریں گے۔