غیر ملکی لڑکیوں کے اغوا، برآمدگی کا معاملہ کھل گیا، نامزد باس اسحاق ڈار کا نواسہ رضا ڈار نکلا
شیئر کریں
جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے چار مزید ملزمان گرفتار،رضا ڈار کا ایک کزن شامل ، گرفتاری کے دوران باس کہلوانے والے ملزم کی ٹانگیں چھت سے چھلانگ لگاتے ہوئے ٹوٹ گئیں
اہم ملزم رضا ڈار نے ایک لڑکی کے ڈیجیٹل والٹ سے اپنے ڈیجیٹل والٹ میں ستر ہزار ڈالر زبردستی ٹرانسفر کیے،لڑکیوں کے والدین سے ویڈیو کالز کے ذریعے رابطہ کروا کر بھتہ وصول کیا
غیر ملکی خواتین کے ساتھ اغوا کے بعد جنسی زیادتی کا کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی ۔
پولیس نے غیر ملکی خواتین کو اغوا کے بعد جنسی زیادتی کرنے والے چار مزید ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان میں اپنے آپ کو باس کہلوانے والا ملزم بھی شامل ہے ۔ گرفتاری کے دوران باس کہلوانے والے ملزم کی ٹانگیں چھت سے چھلانگ لگاتے ہوئے ٹوٹ گئیں۔
گرفتار کئے گئے افراد کی تعداد آٹھ ہو گئی۔ اب تک تفتیش مین یہ سامنے آیا ہے کہ اہم ملزم رضا ڈار نے اپنے ایک کزن کے ساتھ مل کر تمام کارروائیاں کیں۔
گرفتار کئے جا چکے افراد میں رضا ڈار کا ایک کزن بھی شامل ہے۔ غیر ملکی لڑکیوں کو اغوا کر کے دو روز تک حبس بے جا میں رکھ کر بار بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ۔
حبس بیجا میں رکھنے کے دوران لڑکیوں کے والدین سے ویڈیو کالز کے زریعے رابطہ کروا کر بھتہ وصول کیا گیا ۔ تفتیش میں یہ سامنے آ چکا ہے کہ اہم ملزم رضا ڈار نے ایک لڑکی کے ڈیجیٹل والٹ سے اپنے ڈیجیٹل والٹ میں ستر ہزار ڈالر بھی زبردستی ٹرانسفر کیے۔
لاہور میں موجود مغوی لڑکی کے فرانس میں موجود والد نے فرانس کی پولیس کو اطلاع دی تھی جس کے بعد انہوں نے لاہور میں پولیس کو ایمرجنسی نمبر 15 پر کال کی اور اس سنگین جرم کے متعلق تفصیل بتائی۔
فرانس سے مغوی لڑکی کے والد کی شکایت موصول ہونے کے بعد لاہور پولیس نے دو روز بعد لڑکیوں کو برآمد کروایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان دو دن کے دوران پولیس نے لڑکیوں کو اغوا کرنے والوں کی تلاش جاری رکھی۔
لڑکیوں کی بازیابی کے بعد پولیس نے اسلام آباد میں پاکستان کی وزارتِ خارجہ اور فرانس کی ایمبیسی کو لڑکیوں کی برآمدگی کر لینے کے بارے میں اطلاع دی۔
کیونکہ یہ دو غیر ملکی لڑکیوں کے اغوا کا معاملہ تھا اور اس کی شکایت بھی فرانس سے کی گئی تھی اور فرنچ ایمبیسی اس سارے معاملہ میں رابطہ میں تھی۔


