آئندہ اپنے لوگوں کی اکثریت کے ساتھ حکومت بنائیں گے،عمرا ن خان
شیئر کریں
وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ اپوزیشن میدان سے بھاگنے کے بہانے ڈھونڈ رہی ہے،کارکن انتخابات کی تیاری کریں، اس بار مفاد پرست اور ضمیر فروشوں کے بجائے مخلص اور قربانیاں دینے والے کارکنوں کو آگے لاؤں گا۔وزیراعظم عمران خان و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی زیر صدارت پارٹی کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں آئندہ انتخابات کے لیے تعین اور ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیا گیا، وزیراعظم نے صوبائی صدور کو درخواستوں کی وصولی کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی اور مقبول ترین جماعت ہے، تحریک انصاف کا ووٹ بینک نہایت تیزی سے بڑھ رہا ہے،کارکنان انتخابات کی تیاری کریں، بہترین امیدوار میدان میں اتاریں گے اور بھرپور طریقے سے اقتدار میں لوٹیں گے۔ انہوںنے کہاکہ اپنے لوگوں کی اکثریت کے ساتھ حکومت بنائیں گے، اتحادی حکومت میں ہمیشہ بلیک میل ہونا پڑتا ہے، ماضی سے سبق سیکھ کرپارٹی سے مخلص افراد کو ہی ٹکٹس دیں گے، امیدواروں کی اسکروٹنی سخت کی جائیگی، کارکنان انتخابات کی تیاری کریں، اس بار مفاد پرست اور ضمیر فروشوں کے بجائے مخلص اور قربانیاں دینے والے کارکنوں کو آگے لاؤں گا۔سابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے بتایاکہ اجلاس میں قومی اسمبلی کی تحلیل کے بعدآئندہ انتخابات کیلئے امیدواروں کے تعین/ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے اہم امورکاجائزہ لیاگیاصوبائی صدور کو درخواستوں کی وصولی کے طریقہ کاروضع کرنے کی ہدایت کی گئی ۔