بحریہ ٹائون کی ناقص سیکیورٹی،مکینوں کی جان کوسخت خطرات لاحق
شیئر کریں
(ر پورٹ: شعیب مختار) بحریہ ٹاؤن کراچی کی ناقص سیکورٹی کا بھانڈا پھوٹ گیا ٹریفک حادثات معمول کا حصہ بن گئے چالان کی رقم بڑھانے کے بعد بھی کسی قسم کے نتائج سامنے نہ آ سکے رات کے آخری پہر سیکورٹی اہلکاروں کے نیند پوری کرنے کے سبب شہریوں کے گھر انتہائی غیر محفوظ ہو گئے انتظامیہ کی جانب سے رہائشی مکینوں کو نشے میں گاڑی چلانے کی کھلی چھوٹ دیدی گئی۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز بحریہ ٹاؤن کراچی کے پی 10اے میں نشے میں دھت شہری کی جانب سے اپنی گاڑی بحریہ ٹاؤن کے رہائشی مکان سے ٹکرا دی گئی ہے جس سے مکان کی دیواروں اور کھڑکیوں کو بری طرح نقصان پہنچا ہے۔ اس ضمن میں بحریہ ٹاؤن کی انتظامیہ کی جانب سے تمام تر واقعات کی تحقیقات جاری ہے جبکہ سیکورٹی اہلکاروں سے بھی مذکورہ شخص کے تیز رفتار گاڑی چلانے پر جواب طلب کر لیا گیا ہے۔چند روز قبل بحریہ ٹاؤن کی جانب سے ٹریفک حادثات پر قابو پانے کے لیے چالان کی تمام تر رقم دگنی کر دی گئی تھی اس سلسلے میں 9 نومبر کو ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا جس میں بحریہ ٹاؤن کے رہائشیوں کو ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایات دی گئیں تھی تمام تر امور پر مشتمل نئے چالان کی فہرست بھی سامنے آئی تھی جس کے بعد بھی بحریہ ٹاؤن کے سیکورٹی اہلکار شہریوں سے ٹریفک قوانین پر عملدر آمد کروانے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔نیز ان کی جانب سے فرائض کی ادائیگی کے دوران غفلت برتنے پر حالیہ دنوں بحریہ ٹاؤن کراچی میں ٹریفک حادثات روزانہ کی بنیادوں پر بڑھتے جا رہے ہیں جس سے بحریہ ٹاؤن میں مقیم رہائشیوں کی قیمتی جانوں کو سخت خطرات کا سامنا ہے۔