نوازشریف پاکستان کے میرجعفر ہیں، مودی سے بھی دوستی کرسکتے ہیں، عمران خان
شیئر کریں
چشتیاں(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف نظریہ کرپشن کا نام ہے، نواز شریف پاکستان کے میر جعفر اور میر صادق ہیں، وہ ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور بیرونی آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے پاکستان کی ہر چیز قربان کرنے کے لیے تیار ہیں۔ حکومت بتائے کہ کون سا دباؤ تھا اور کس کو خوش کرنے کے لیے ختم نبوت حلف نامے میں تبدیلی کی گئی؟ چشتیاں میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نواز شریف اپنا پیسہ بچانے کے لیے عدلیہ و فوج کے خلاف سازش کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں۔ نواز شریف 300ارب چوری کرکے باہر لے گئے جسے بچانے کے لیے وہ ہر کام سمجھوتہ اور مفاہمت کرنے کے لیے تیار ہیں یہاں تک کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے بھی دوستی کرسکتے ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی وفاق میں حکومت آئی تو خیبرپختونخوا کی طرح پنجاب پولیس بھی ٹھیک کردیں گے، وردی بدل کر پولیس کو ڈاکیا نہیں بنائیں گے، بلکہ محکمے میں اصلاحات کریں گے اور سیاسی مداخلت سے پاک کریں گے۔ پنجاب میں تھانیداروں کا تبادلہ رائیونڈ سے ہوتا ہے، حمزہ اور مریم پولیس افسروں کے تبادلے کرتی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے سامنے آئی جی پنجاب پولیس ذاتی نوکر کی طرح بیٹھتا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نواز شریف کو نیا خیبرپختونخوا نظر نہیں آرہا، مگر انہوں نے ایبٹ آباد میں بلٹ پروف شیشے کے بغیر تقریر کی یہی تو نیا خیبر پختونخوا اور تبدیلی ہے، پرانے خیبرپختونخوا میں تو آپ ڈر کے مارے آتے ہی نہیں تھے۔ ختم نبوت حساس معاملہ ہے اس لیے اس پر زیادہ بات نہیں کرتا، لیکن دھرنے کے بعد جس جوش و خروش سے ن لیگ نے میلاد منایا اس کی مثال نہیں ملتی اور عابد شیر علی نے ہری پگڑی باندھی ہوئی تھی، عمران خان نے کہا کہ میں نے کوئٹہ میں نواز شریف کی تقریر سنی وہ ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، لیکن ہم نے صوبائی تقسیم ختم کرنی ہے اور چاروں صوبوں کے عوام میں نفرتیں نہیں بڑھانی ہیں، بلکہ ختم کرنی ہیں۔ پی ٹی آئی ملک کو متحد کرے گی، نوازشریف اپنا پیسہ بچانے کے لیے پاکستان کو نقصان پہنچانے والا ہر کام کرنے کے لیے تیار ہے، نواز شریف نظریہ کرپشن کا نام ہے ان کا ساتھ دینے والوں کو بھی ڈر ہے کہ اگلی باری ان کی ہے۔ نیب چیئرمین سے اپیل ہے کہ وزیر داخلہ احسن اقبال کے اقامے کی بھی تحقیقات کریں اور حدیبیہ کیس کو کھولیں جس میں پورے شریف خاندان کا نام ہے، اس سے قبل میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومتی ارکان قومی اسمبلی کو 94ارب کے فنڈز رشوت کے طور پر دیے گئے ہیں، پاکستان میں جمہوریت کو بچانے کے لیے قبل از وقت انتخابات ضروری ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ 20سال سے کرپشن کے خلاف جدوجہد کررہا ہوں، اگلے الیکشن کے لیے ٹکٹس کا فیصلہ پارلیمانی بورڈ کی مشاورت سے کروں گا۔