آپ کے مسائل اور اُن کا حل
شیئر کریں
مفتی محمد وقاص رفیع
دورانِ نماز موبائل آف کرنے کا حکم:
سوال: آپ سے یہ معلوم کرنا چاہتا ہوں کہ دورانِ نماز موبائل آف کرنے کا کیا حکم ہے؟ مجھے کسی آدمی نے بتایا کہ علماء نے فتویٰ دیا ہے کہ آپ دورانِ نماز اپنا موبائل آف کرسکتے ہیں، کیا یہ فتویٰ ہے اور یہ حکم کس حد تک ہے؟ میں نے تو اُس کویہ کہا ہے کہ میرے ذہن میں تو یہ آتاہے کہ یہ اسی صورت میں حکم ہوگا جب کہ آپ کا ایک ہاتھ استعمال ہو دونوں ہاتھ استعمال نہ ہوں اور تین مرتبہ تسبیحات کہنے کی مقدار سے کم وقت لگے تو اِس صورت میں آپ اپنا موبائل آف کرسکتے ہیں، دونوں ہاتھ اگر استعمال کرنے پڑیں تو اُس صورت میں آپ اپنا موبائل آف نہیں کرسکتے۔ سائل: رحیم شاہ (دُنیا پور)
جواب: دورانِ نماز اگر موبائل کی گھنٹی آف کرنی پڑجائے تو اُس کا طریقہ یہ ہے کہ جیب کے اوپر سے یا اُس کے اندر ہاتھ ڈال کر موبائل کا آف والا بٹن پریس کرکے اُس کی گھنٹی کو آف کردیا جائے لیکن اگر ایسا کرنا ممکن نہ ہو تو دوسرا طریقہ یہ ہے کہ ایک ہاتھ سے موبائل جیب سے نکال کر نمبر دیکھے بغیر اُس کا آف والا بٹن پریس کرکے اُس آف کردیا جائے ، دونوں ہاتھ استعمال نہ کیے جائیں،کیوں کہ یہ عمل کثیر ہے اور عمل کثیر ایسے کام کو کہا جاتا ہے کہ جس کو نماز سے باہر والا شخص ایسے شخص کے متعلق یہ گمان کرے کہ یہ آدمی نماز میں نہیں ہے ، اِس لئے عمل کثیر سے نماز ٹوٹ جاتی ہے۔ واللہ اعلم
منہ بولے ماموں سے شادی کرنا جائز ہے!
سوال:کیا ماموں کی بیٹی کی بیٹی (یعنی ماموں کی نواسی) سے شادی کرنا جائز ہے، جب لڑکا اُس لڑکی کا رشتے میں ماموں بنتا ہے؟ سائل:جمیل شاہد (کراچی)
جواب: ماموں کی بیٹی کی بیٹی (یعنی ماموں کی نواسی) سے شادی کرنا جائز ہے۔ کیوں کہ جب ماموں کی بیٹی سے شادی کرنا جائز ہے تو ماموں کی بیٹی کی بیٹی سے شادی کرنا بہ طریق اولیٰ جائز ہوگا۔ باقی رہا والدہ کی پھوبھی کے بیٹے کا ماموں کی بیٹی کی بیٹی (یعنی ماموں کی نواسی) کا ماموں لگنا تو ظن غالب یہی ہے کہ اِس سے منہ بولا ماموں مراد ہے۔ کیوں حقیقی ماموں تو وہ سگی والدہ کا سگا بھائی ہی کہلاتا ہے۔ اِس لئے مذکورہ صورت میں اُس لڑکی کا اپنے منہ بولے ماموں کے ساتھ شادی کرنا بالکل جائز ہے۔
آبِ زم زم خفیہ طریقے سے لانا کیسا ہے؟
سوال: بعض لوگ کہتے ہیں کہ جو لوگ حج یا عمرہ کرنے کے بعد غیرقانونی طور پر آبِ زم زم اپنے سامان میں خفیہ طریقے سے لاتے ہیں وہ چوری کے زُمرے میں آتا ہے اور ایسے موقع پر چوری کرنا بہت بڑا گناہ ہے۔ اِس کی شرعی حیثیت کیا ہے؟ سائل: عبد الودود (چکوال)
جواب: چوری کہتے ہیں کسی کی کوئی چیز ناحق اور غلط طریقے سے چھپالینے کو، جب کہ آبِ زم زم ہر شخص اپنے پیسوں سے خرید کر لاتاہے اور یہ اُس کی ملکیت میں اُس کا محفوظ حق ہوتاہے، اِس لئے اِس کو وہاں سے خفیہ طریقے سے سامان وغیرہ میں چھپاکر لانا خلافِ قانون تو کہا جاسکتا ہے، لیکن اِس کو چوری کا نام نہیں دیا جاسکتا۔ لہٰذا ایسا پانی خود پینا ،دوسروں کو پلانا اور اِس کا ہر طرح سے استعمال کرنا شرعاً بالکل جائز ہے۔
انسانی بالوں کا بیچنا کیسا ہے؟:
سوال: آپ سے یہ معلوم کرنا تھا کہ آج کل بعض پھیری لگانے والے سائیکل و موٹر سائیکل پر بعض لوگ گھروں سے عورتوں کے بال دو ہزار روپے فی کلو کے حساب سے خرید کر لے جاتے ہیں اور آگے جاکر اُن کو اپنے کاموں میں استعمال کرتے ہیں اور اُن سے ‘‘وگ’’ بناتے ہیں تو کیا اِس طرح کوئی آدمی اپنے بال کسی کو قیمتاً بیچ سکتا ہے؟ سائلہ: شمائلہ کرن (اسلام آباد)
جواب: انسان کے بالوں کی خرید و فروخت ممنوع اور حرام ہے اور اُس کا اپنے استعمال میں لانا بھی حرام اور ناجائز ہے۔(ہدایہ: جلد ۳ ص ۵۸)
کیابیوہ عورت بچوں کے لئے کمائی کرسکتی ہے؟
سوال: ایک بیوہ عورت بچوں کی خاطر کام کرسکتی ہے یا سکول پڑھاسکتی ہے، یا بچوں کے ساتھ دوسرے ملک میں جاکے کام کرسکتی ہے؟بچے نابالغ ہوں تو اُن کے لئے کیا شرائط ہیں ؟ شریعت کیا کہتی ہے؟ کس حد تک جائز ہے یا نہیں؟سائل: نجیب احمد حیدری (بورے والا)
جواب: بیوہ عورت کا اگر کوئی کمانے والا نہ ہو تو وہ شرعی حدود کے اندر رہتے ہوئے اپنے اور اپنے بچوں کے لئے ہرطرح کی حلال کمائی کرسکتی ہے۔
سسر محرم ہوتا ہے یا غیر محرم؟
سوال: مفتی صاحب !سوال یہ ہے کہ سسر محرم ہوتا ہے یا غیر محرم ؟ اِس کے بارے میں مجھے بتادیں۔ سائلہ: صدف ناز(اسلام آباد)
جواب: سسر غیرمحرم نہیں بلکہ محرم ہوتا ہے۔
خواتین کا مخصوص ایام میں قرآنی دعاؤں کے پڑھنے کا حکم:
سوال: ہمارا وٹس ایپ پر خواتین کے شرعی مسائل کاایک گروپ ہے جس میں اُن سے متعلقہ مسائل کے جوابات دیئے جاتے ہیں۔ گزشتہ دنوں ایک خاتون نے یہ سوال پوچھا کہ میں روزانہ رات کو آیت الکرسی پڑھ کر پڑھ کر اور دِم کرکے سوتی ہوں تو کیا خواتین کے مخصوص ایام میں بھی میں یہ پڑھ سکتی ہوں، توگروپ کی کسی عالمہ خاتون نے اُنہیں یہ مسئلہ بتایا کہ مخصوص ایام میں خواتین کے لئے قرآنِ مجید کی تلاوت کرنا جائز نہیں اِس لئے اِن ایام میں آپ آیت الکرسی نہیں پڑھ سکتیں، میری اِس بارے میں راہ نمائی فرمائیں۔ تنویر احمد (لاہور)
جواب : مخصوص ایام میں خواتین کا قرآنِ مجید کی تلاوت کرنا توجائز نہیں ، البتہ قرآن و حدیث کی دُعاؤں کا دُعاء کی نیت سے پڑھنا اُن کے لئے مخصوص ایام میں جائز ہے۔
٭٭٭


