نامور اداکار ننھاکی 82 ویں سالگرہ منائی گئی
شیئر کریں
رفیع خاور عرف ننھا کی پراسرار موت کا معمہ آج تک حل نہیں ہوا
…………………………
نامور اداکار ننھا کی 82 ویں سالگرہ منائی گئی ۔ ان کا اصلی نام رفیع خاور تھا۔ ننھا نے 1964 میں ریڈیو پاکستان کے ایک پروگرام کے ذریعے اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کو اس بھرپور انداز میں پیش کیا کہ فلمسازوں کی نظریں ان کی طرف اٹھ گئیں۔
1965 سے ان کے فلمی کیریئر کا ایسا آغاز ہوا جس نے انہیں فلموں کی ضرورت بنا دیا۔ ان کے کریڈٹ پر یوں تو بے شمار فلمیں ہیں تاہم پردے میں رہنے دو، آس، نوکر، دبئی چلو، سالا صاحب اور آخری جنگ بہت مشہور ہوئیں۔
آخری جنگ ان کی زندگی کی بھی آخری فلم ثابت ہوئی۔ جس سال یہ فلم ریلیز ہوئی اسی برس یہ فنکار بھی دنیا چھوڑ گیا۔ جب لاہور سے پاکستان ٹیلی ویژن کا آغاز ہوا تو اس سے قبل کمال احمد رضوی تھیٹر اور ریڈیو میں کام کر کے اپنے آپ کو منوا چکے تھے۔
1965 میں انہیں لاہور سینٹر سے ڈرامہ سیریز بنانے کی ذمہ داری دی گئی تو انہوں نے نے پی ٹی وی کے لیے الف نون کے لیے اپنے جوڑی دار کے طور پر رفیع خاور عرف ننھا کا انتخاب کیا۔
الف نون نشر ہوا تو کمال احمد رضوی اور ننھا لوگوں کے محبوب فنکار بن گئے اور یہ سیریز جنوبی ایشیا ء میں ٹیلی ویژن کی تاریخ میں فیملی ڈرامہ کی پہلی مثال ثابت ہوئی۔
1965 کے صرف تین سال بعد 1969 میں الف نون کو دوسری بار نئے سرے سے پروڈیوس کیا گیا جبکہ 1982 میں اسی ڈرامے کو رنگین ٹی وی کے لیے تیسری بار پروڈیوس کیا گیا۔
ایک ہی ڈرامے کو تین مرتبہ پروڈیوس کرنے کا یہ پی ٹی وی کی تاریخ کا ایک منفرد ریکارڈ ہے۔ رفیع خاور عرف ننھا کی پراسرار موت کا معمہ آج تک حل نہیں ہوا۔
پولیس نے ان کی موت کو خودکشی قرار دیتے ہوئے اس کیس کی فائل بند کر دی تھی مگر ان کے بہت سے ساتھی آج بھی اس موت کو خودکشی ماننے کو تیار نہیں ہیں۔



ویب ڈیسک
منگل, ۲۸ ستمبر ۲۰۲۱