امپائرز نے ویرات کوہلی کی فیک فیلڈنگ کو نہیں دیکھا، بنگلادیشی بیٹر نور الحسن کا الزام
شیئر کریں
بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر نور الحسن نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار کھلاڑی ویرات کوہلی پر فیک فیلڈنگ کا الزام لگا دیا۔ اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نور الحسن نے کہا کہ میچ کے دوران امپائرز نے ویرات کوہلی کی فیک فیلڈنگ کو نہیں دیکھا۔ نور الحسن نے فیک فیلڈنگ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ فیک تھرو کے عوض ہمیں 5 پینلٹی رنز مل سکتے تھے اور میچ کا نتیجہ ہمارے حق میں ہوتا بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوا۔ بدھ کے روز بنگلادیش اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے میچ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بنگلادیش کی اننگز کے 7 ویں اوور میں لٹن داس نے ڈیپ آف سائیڈ فیلڈ کی جانب شاٹ کھیلا اور گیند وہاں موجود فیلڈر ارشدیپ سنگھ کے پاس گئی۔ ارشدیپ نے جیسے ہی تھرو وکٹ کیپر کی جانب پھینکی تو پوائنٹ پوزیشن پر موجود ویرات کوہلی نے ایسا ظاہر کیا کہ گیند ان کے پاس آئی اور انہوں نے خالی ہی ہاتھوں سے بولنگ اینڈ کی جانب فیک تھرو کی۔ کرکٹ کے قانون 41.5 کے مطابق جان بوجھ کر بیٹر کی توجہ ہٹانا، کسی قسم کی رکاوٹ ڈالنا یا دھوکا دینا منع ہے اور اگر اس قانون کی خلاف ورزی کی جائے تو امپائر اس مخصوص ڈیلیوری کو ڈیڈ بال قرار دے سکتا ہے اور بیٹنگ ٹیم کو پانچ رنز پینلٹی کے طور پر دیے جاسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں دلچسپ مقابلے بعد بھارت نے بنگلادیش کو 5 رنز سے شکست دی تھی۔ ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ بھارت نے بنگلادیش کو ڈک ورتھ لیوئس میتھیڈ کے تحت 16 اوورز میں 151 رنز کا ہدف دیا تھا، حریف ٹیم 6 وکٹ پر 145 رنز بنا سکی تھی۔