ادارہ ترقیات، غیر متعلقہ افسران کی تعیناتیاں ،معاملہ عدالت پہنچ گیا
شیئر کریں
کے ڈی اے افسران کے لیے مختص عہدوں پر بیرونی افسران کی تقرریوں سے اضطراب
باہر سے آنے والے افسران کی روانگی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، آفیسرز ایسوی ایشن
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ادارہ ترقیات کراچی میں باہر کے افسران کی تعیناتی کا معاملہ گمبھیر ہو گیا،کے ڈی اے افسران کے لیے مختص عہدوں پر دیگر کونسل اور محکموں کے افسران کی تعیناتیاں، ادارے کے افسران شدید بے چینی اور اضطراب پھیل رہا ہے، کے ڈی اے افسران نے اتھارٹی میں قوانین کے خلاف غیر متعلقہ افسران کی تعیناتی کے خلاف عدالت سے رجوع کرلیا۔
واضح رہے کہ کے ڈی اے میں غیر متعلقہ افسران کی خلاف قانون تعیناتیوں کی نشاندہی کی جاتی رہی ہے ۔ کے ڈی اے آل گرینڈ الائنس نے خلاف قانون تعیناتیوں کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں آئینی پٹیشن نمبر 5593/2026 دائر کی ہے جس میں کے ڈی اے بائی لاز کے خلاف باہر منظور نظر افسران کو لاکر تعینات کرنے کے عمل کو چیلنج کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں آفیسر ایسوسی ایشن کے صدر خرم عارف اور نائب صدر فضیل بخاری کا کہنا ہے کہ ہم نے انصاف کے لئے ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔ کے ڈی اے میں باہر سے آنے والے افسران کی روانگی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
ہم کے ڈی اے افسران کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں۔ ان کے جائز حق کے لیے ہر آئینی قانونی جنگ کے لیے تیار ہیں۔ یونائٹیڈ لیبر یونین کے چیف قمر اظفر کے مطابق کے ڈی اے میں قانونی شکنی اپنی انتہا کو جاچکی ہے۔
ٹریننگ افسران کو کے ڈی اے افسران پر مسلط کر کے قانون کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ ایمپیلائیز یونین سی بی اے کے صدر عبدالمعروف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہائی کورٹ کی پٹیشن جسکا نمبر 5593/2026 ہے اس پر کورٹ اسٹے بھی لائیں گے اور جلد ہی اسکا فیصلہ کے ڈی اے افسران کے حق میں ہوگا۔


