میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سندھ بلڈنگ ، بلڈنگ قوانین کا کچومر، مزمل حسین ہالیپوٹو کی سفاکانہ خاموشی

سندھ بلڈنگ ، بلڈنگ قوانین کا کچومر، مزمل حسین ہالیپوٹو کی سفاکانہ خاموشی

ویب ڈیسک
هفته, ۲۳ مئی ۲۰۲۶

شیئر کریں

دو منزلہ عمارت مسمار، چار منزلہ پلازہ تیار،منہدم عمارت کی ازسرنو تعمیر میں اضافی بالائی منزلیں
ناظم آباد نمبر 2کے پلاٹ D-5/7پر دو منزلہ عمارت گرا کر چار منزلہ تعمیر مکمل، مکینوں میں تشویش

کراچی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں ڈائریکٹر جنرل مزمل حسین ہالیپوٹو کی سفاکانہ خاموشی سے بلڈنگ قوانین کچومر بن گئے ہیں اور غیر قانونی سرگرمیوں کو فروغ مل رہا ہے ، ضلع وسطی کے علاقے ناظم آباد میں بلڈنگ قوانین اور تعمیراتی ضابطوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کا ایک اور سنگین معاملہ سامنے آگیا ہے ، جرأت سروے کے دوران لی گئی زیر نظر تصویر میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ناظم آباد نمبر 2 کے پلاٹ D-5/7پر قائم دو منزلہ عمارت کو منہدم کرنے کے بعد چار منزلہ نئی عمارت تعمیر کرلی گئی، جبکہ اضافی بالائی منزلوں کی منظوری اور اجازت ناموں کے حوالے سے کئی سنگین سوالات پیدا ہو رہے ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق مذکورہ پلاٹ پر پہلے دو منزلہ رہائشی ڈھانچہ موجود تھا جسے چند ماہ قبل مکمل طور پر منہدم کردیا گیا۔ بعدازاں اسی مقام پر نئی تعمیر کا آغاز کیا گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے چار منزلہ عمارت مکمل کرلی گئی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کام کے دوران نہ صرف متعلقہ قواعد و ضوابط نظرانداز کیے گئے بلکہ اضافی منزلوں کی منظوری بھی مشکوک انداز میں حاصل کی گئی۔مقامی افراد نے الزام عائد کیا ہے کہ شہر بھر میں منہدم کی جانے والی پرانی عمارتوں کی ازسرنو تعمیر کے نام پر اضافی بالائی منزلوں کی اجازت دے کر رہائشی علاقوں پر اضافی بوجھ ڈالا جارہا ہے ، جس سے پارکنگ، سیوریج، پانی کی فراہمی اور ٹریفک جیسے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے ۔ شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر اسی طرح غیر شفاف انداز میں تعمیرات جاری رہیں تو مستقبل میں یہ عمارتیں انسانی جانوں کے لیے خطرہ بھی بن سکتی ہیں۔مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ بلدیاتی اور تعمیراتی ادارے فوری طور پر ناظم آباد نمبر 2 میں تعمیر کی گئی اس عمارت کے نقشے ، این او سی، اضافی منزلوں کی منظوری اور تعمیراتی ریکارڈ کی تفصیلات عوام کے سامنے لائیں اور اگر کسی قسم کی خلاف ورزی ثابت ہو تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ڈائریکٹر جنرل مزمل حسین ہالیپوٹو سے موقف لینے کے لئے رابطے کی کوشش کی گئی مگر رابطہ ممکن نہ ہو سکا ۔(نمائندہ جرأت)


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں