سول ایوی ایشن کے سینئر افسران کی ریٹائرمنٹ کے بعد دفتری امور بری طرح متاثر
شیئر کریں
سول ایوی ایشن اتھارٹی میں متعدد افسران کی ریٹائرمنٹ کے بعد ادارے میں دفتری امور بری طرح متاثر ہورہے ہیں، افسران کی کمی کے باعث سی اے اے کے اہم عہدوں پر ایڈیشنل ڈائریکٹرز کو اضافی ذمہ داریاں دے دی گئیں۔تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی میں اہم عہدوں پر افسران کے ریٹائرمنٹ کے بعد ادارے کو افسران کی کمی کا سامنا ہے ، متعدد افسران کی ریٹائرمنٹ کے بعد دفتری امور بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کے باعث اہم عہدوں پر ایڈیشنل ڈائریکٹرز کو اضافی ذمہ داریاں سونپنا شروع کردی گئیں۔ڈائریکٹر کمرشل القرہ عتیق کی ریٹائرمنٹ کے بعد عہدہ خالی تھا، سی اے اے کی جانب سے ڈی جی کے اسٹاف افسر تاشفین اشرف کو ڈائریکٹر کمرشل کی ذمہ داری سونپ دی گئی۔اس کے علاوہ سی اے اے کے اہم ڈائریکٹر ایئر پورٹ سروسز صادق رحمان کے تبادلے کے بعد یہ شعبہ بھی خالی تھا، جس کے بعد ڈپٹی ڈی جی عامر محبوب کو ڈائریکٹر ایئرپورٹ سروسز کی اضافی ذمہ داری سونپ دی گئی اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔