میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
دعا گو ہیں ،فیلڈ مارشل کی امن کوششیں کامیاب ہوں،بلاول بھٹو

دعا گو ہیں ،فیلڈ مارشل کی امن کوششیں کامیاب ہوں،بلاول بھٹو

ویب ڈیسک
بدھ, ۳ جون ۲۰۲۶

شیئر کریں

چاہتے ہیں پاکستان دفاعی و معاشی لحاظ سے مضبوط ہو، یہ کام صرف پی پی کرسکتی ہے،چیئرمین
پیپلز پارٹی پاکستان کو دفاعی اور معاشی طور پر مضبوط دیکھنا چاہتی ہے، انتخابی جلسہ سے خطاب

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیٔرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دعا ہے فیلڈ مارشل خطے میں امن کے قیام کی کوششوں میں کامیاب ہوں کیونکہ موجودہ حالات میں امن کی کوششوں کا کامیاب ہونا انتہائی ضروری ہے۔گلگت بلتستان میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث نہ صرف متاثرہ ممالک بلکہ پوری دنیا کے عوام جنگ کے اثرات اور بوجھ کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران میں اسکول پر میزائل حملے میں بچوں کی شہادت افسوسناک واقعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں شاید ہی کوئی سیاستدان ہو جس نے ان کی طرح پاکستان کے مختلف علاقوں کے اتنے دورے کیے ہوں،وہ گلگت بلتستان کی ہر تحصیل میں پہنچے ہیں اور عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ملک کا واحد فلاحی منصوبہ ہے جو براہِ راست غریب عوام تک پہنچتا ہے اور اس پروگرام کے خلاف کی جانے والی تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میںذوالفقار علی بھٹو اور میزائل پروگرام کی ترقی میں بے نظیر بھٹو کا اہم کردار رہا ہے،پیپلز پارٹی پاکستان کو دفاعی اور معاشی طور پر مضبوط دیکھنا چاہتی ہے۔چیٔرمین پیپلز پارٹی نے وفاقی طرز حکمرانی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو ان کا حقِ ملکیت دیا جانا چاہیے اور ترقیاتی منصوبوں میں مقامی آبادی کو شراکت دار بنایا جانا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے تھرکول منصوبے کی طرح گلگت بلتستان میں بھی مقامی افراد کو ترقی کے ثمرات پہنچائے جائیں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ میں سیلاب متاثرین کے لیے تعمیر کیے جانے والے 20 لاکھ گھروں کا منصوبہ دنیا کا سب سے بڑا ہاسنگ پروگرام بن چکا ہے اور یہ مکانات خواتین کے نام پر دیے جا رہے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں