پی ٹی آئی میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے
شیئر کریں
سلمان اکرم راجا اور فردوس شمیم نقوی کے درمیان سخت جملوں کے تبادلے کی اطلاعات
صوبائی صدرسے اختلافات ،جوائنٹ سیکریٹری انجینئر خائستہ محمد پارٹی عہدے سے مستعفی
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں، جہاں سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اور ایڈیشنل سیکرٹری جنرل فردوس شمیم نقوی کے درمیان سخت جملوں کے تبادلے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔پارٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات کور کمیٹی کے گروپ میں دونوں رہنماؤں کے درمیان تنظیمی معاملات پر بحث اس حد تک بڑھ گئی کہ نوبت تلخ کلامی اور مبینہ طور پر گالم گلوچ تک پہنچ گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کے بعد سلمان اکرم راجہ نے کور کمیٹی کا گروپ چھوڑ دیا، جبکہ یہ تنازعہ پارٹی کی تنظیم سازی کے امور پر اختلافات کے باعث پیدا ہوا۔پارٹی کے اندر اس واقعے نے مزید تناؤ پیدا کر دیا ہے، تاہم تاحال قیادت کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔دوسری جانب صوبائی صدر کے ساتھ اختلافات کے باعث جوائنٹ سیکرٹری انجینئر خائستہ محمد پارٹی عہدے سے مستعفی ہوگئے۔انجینئر خائستہ محمد نے کہا کہ پارٹی میں اس وقت ڈکٹیٹرشپ کا ماحول ہے اور اہم فیصلے کابینہ کو اعتماد میں لئے بغیر کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی پالیسی اور تنظیمی معاملات میں کابینہ کو نظرانداز کیا جا رہا ہے، پارٹی صدر کی جانب سے ملاکنڈ ریجن کے عہدیداروں کا نوٹیفکیشن بھی کابینہ سے مشاورت کے بغیر جاری کیا گیا۔انجینئر خائستہ محمد نے کہا کہ اگر تمام فیصلے ایک فرد ہی کرے گا تو پھر کابینہ کی موجودگی کا کوئی جواز نہیں رہتا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے نظریے کے مطابق اختیارات ایک فرد کے پاس نہیں بلکہ پوری کابینہ کے پاس ہونے چاہئیں۔انجینئر خائستہ محمد نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے کوئی سنجیدہ کوششیں بھی نظر نہیں آرہیں، بانی پی ٹی آئی کو ناحق قید میں تقریباً 3 سال ہونے کو ہے مگر لیڈرشپ نے چپ سادھ لی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی لیڈرشپ کے پاس بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے کوئی واضح حکمت عملی نہیں، پارٹی میں فیصلے فرد واحد کر رہا ہے اس لئے استعفیٰ کا فیصلہ کیا ہے۔


