میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
تاجروں کی اپیل، کراچی میں ہڑتال کامیاب

تاجروں کی اپیل، کراچی میں ہڑتال کامیاب

ویب ڈیسک
جمعه, ۱ ستمبر ۲۰۲۳

شیئر کریں

تاجروں کی جانب سے بجلی کے اضافی بلوں، مہنگائی کے خلاف جمعے کو شٹرڈاؤن ہڑتال کے باعث شہر کی تھوک اور بڑی مارکیٹیں بند رہیں تاہم محلوں کی سطح پر چھوٹی دکانیں کھلی رہیں، پبلک ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق رواں دواں رہی۔تفصیلات کے مطابق تاجر ایکشن کمیٹی کی کال پر اولڈ سٹی ایریا کی تمام مرکزی اور بڑی مارکیٹیں مکمل بند رہیں، ان میں اجناس کی سب بڑی مارکیٹ جوڑیا بازار، کپڑا مارکیٹ، پان منڈی، ایم اے جناح روڈ لائٹ ہاؤس مارکیٹ شامل ہیں۔لائٹ ہاؤس مارکیٹ میں صبح ہڑتالی تاجروں نے کے الیکٹرک اور مہنگائی کے خلاف نعرے بازی بھی کی، شٹرڈاؤن کے باعث بوہری بازار، الیکٹرانکس مارکیٹ، کوآپریٹیو مارکیٹ، بولٹن مارکیٹ، صدر ایمپریس مارکیٹ، گل پلازہ، میڈیسن مارکیٹ، جامع کلاتھ آرام فرنیچر مارکیٹ بند رہی۔اسی طرح لیاقت آباد، حیدری، طارق روڈ ، بہادرآباد ، کریم آباد، گلستان جوہر، گلبہار سینٹری مارکیٹ، نیو ایم اے جناح روڈ اور خالد بن ولید روڈ کی کار شوروم مارکیٹس اور واٹر پمپ کے بازار بھی بند رہے۔ہڑتال کی کال پر کھارادر، ٹاور، عید گاہ، اردو بازار، موتن داس مارکیٹ، برنس روڈ ، اکبر روڈ موٹرسائیکل اور اسپئیر پارٹس مارکیٹ بھی بند رہی۔چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد عتیق میر نے کہا کہ جمعے کو کامیاب شٹرڈاؤن ہڑتال پر کراچی کے تاجر یکجہتی کی علامت بن گئے ہیں، کراچی کے تمام بڑے اور اہم تجارتی مراکز مکمل طور پر بند رہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اب بھی بجلی کے بلوں میں کمی نہ کی تو ہڑتالوں اور احتجاج کا سلسلہ تیز ہوسکتا ہے، تاجرانِ پاکستان عوام کے حقوق کی بھی جنگ لڑرہے ہیں، عوام سے بھی اپیل ہے کہ تاجروں کی جدوجہد میں شریک ہوں۔انہوں نے کہا کہ اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافے کے مصنوعی رجحان کو بھی روکنا ہوگا، پی ڈی ایم حکومت کی تباہ کن مہنگائی کا تسلسل نگراں حکومت میں بھی جاری ہے۔انجمن تاجران کراچی کے صدر جاوید شمس نے کہا کہ جمعہ کی شٹرڈاؤن ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے تاجربرادری نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا، ہمارا مطالبہ ہے کہ بجلی کے زائد بل واپس لیے جائیں اور اووربلنگ کا خاتمہ کیا جائے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نگراں حکومت ایف بی آر کو ہدایت کرے کہ وہ بجلی کے بلوں پر عائد ٹیکسز ختم کرے، پیٹرول کی قیمتیں مزید بڑھنے سے عوام تاجرو عوام کے اشتعال میں اضافہ ہوا ہے، حکومت ملک کو بدترین معاشی بدحالی اور مہنگائی کے دلدل سے نکالنے کے فوری اقدامات کرے۔جاوید شمس نے کہا کہ تاجروں کو ایسے فیصلے کرنے پر مجبور نہ کیا جائے کہ وہ طویل ہڑتالیں اور احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیں، بجلی کی قیمتوں میں کمی بلوں پر تمام ٹیکس ختم کیے جائیں، انہوں نے کہا کہ ہوشربا مہنگائی کے باعث لوگ اجتماعی خودکشیوں کی جانب راغب ہورہے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں