سورینج کان حادثہ،45 گھنٹے بعد ریسکیو آپریشن مکمل، 34 لاشیں نکال لی گئیں
شیئر کریں
لاشیں تقریباً 1600 فٹ گہرائی میں ملبے تلے دبی ہوئی تھیں، امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا
……………………………………………………………………………
بلوچستان کے علاقے سورینج میں نجی کوئلہ کان میں پیش آنے والے حادثے کے بعد جاری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن تقریباً 45 گھنٹے بعد مکمل کر لیا گیا۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نے آپریشن کے آخری مرحلے میں مزید دو کان کنوں کی لاشیں ملبے سے نکال لیں، جس کے بعد جاں بحق ہونے والے کان کنوں کی مجموعی تعداد 34 ہو گئی۔
پی ڈی ایم اے نے کہاکہ کان کنوں کی لاشیں تقریباً 1600 فٹ گہرائی میں ملبے تلے دبی ہوئی تھیں، جس کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ریسکیو ٹیموں نے کئی سو فٹ ملبہ ہٹا کر لاشوں تک رسائی حاصل کی اور تمام متاثرہ کان کنوں کو باہر نکال لیا۔
واضح رہے کہ سورینج کی نجی کوئلہ کان میں یہ حادثہ جمعرات کی دوپہر پیش آیا تھا، جس کے بعد ریسکیو اداروں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی تھیں۔


