موجودہ سیٹ اپ کے جانے کی کوئی نشانیاں نہیں، خواجہ آصف
شیئر کریں
موجودہ حالات میں ہائبرڈ نظام کی کامیابی میں ہی ہماری نجات ہے، وزیردفاع
وزیر داخلہ اور ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیانات میں فرق ہے
پیپلز پارٹی اور ہمارے درمیان دراڑیں موجود ہیں،گفتگو
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اسلام آباد(این این آئی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ اس وقت موجودہ سیٹ اپ کے جانے کی کوئی نشانیاں نہیں ہیں، آصف زرداری، شہباز شریف، فیلڈ مارشل اور سسٹم کے دیگر پانچ، چھ لوگ مل کر بیٹھیں اور دیکھیں کہ کیا کرنا ہے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے جو کہا اس کی مکمل توثیق کرتا ہوں۔وزیردفاع نے کہاکہ وزیر داخلہ اور ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیانات میں فرق ہے،وزیر داخلہ کے بیان کا ایک سیاسی پہلو بھی ہے، موجودہ حالات میں ہائبرڈ نظام کی کامیابی میں ہی ہماری نجات ہے، محسن نقوی تین ساڑھے تین سال سے اس سسٹم سے وابستہ ہیں، مختلف ادوار میں حکومتوں میں رہا ہوں میں مکمل ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔انہوںنے کہاکہ کیا نواز شریف نے 2013 سے 2016 تک ڈیلیور نہیں کیا؟ کیا نواز شریف نے 1991سے 1993تک ڈیلیور نہیں کیا؟ میں اداروں کو نہیں اشخاص کو الزام ضرور دوں گا وہ چاہے سیاسی ہوں یا اس وقت کی اسٹیبلشمنٹ کے ہوں۔خواجہ آصف نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ یہ سسٹم کے جانے کی کوئی نشانیاں ہیں، پیپلز پارٹی اور ہمارے درمیان دراڑیں موجود ہیں۔


