بن احسن گرین سٹی کے کھاتے مشکوک ،اجازت نامہ معطل
شیئر کریں
رہائشی اسکیم کے زیر دسترس زمین میں محکمہ جنگلات کی زمین شامل ہونے کا انکشاف
رہائشی اسکیم کے قابض کی زمین بچانے کی تگ ود شروع، الاٹیز کا سرمایہ ڈوبنے کا خدشہ
ادارہ ترقیات سہون نے رہائشی اسکیم بن احسن گرین سٹی کی زمین کے کھاتے مشکوک ہونے پر اجازت نامہ معطل کر دیا۔ زمین کے کھاتے سات یوم میں دوبارہ تصدیق کرانے کی ہدایت۔رہائشی اسکیم کے زیر دسترس زمین میں محکمہ جنگلات کی زمین شامل ہونے کا انکشاف۔سینکڑوں الاٹیز کا سرمایہ ڈوبنے کا خدشہ لاحق۔رہائشی اسکیم کے قابض کی زمین بچانے کے لئے تگ ود شروع کردی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے عوام کو دھوکہ دہی کے ذریعے رہائشی اسکیم بن احسن گرین سٹی کراچی کے نام پر جامشورو میں چلا کر سینکڑوں پلاٹ فروخت کیے جا چکے ہیں جبکہ بن احسن کے قابض نے صرف 21ایکڑ زمین کے کھاتے پیش کرکے اجازت نامہ حاصل کیا تھا اور پلاٹوں کی فروخت 50ایکڑ سے زائد اراضی پر کی جاتی رہی۔ جرأت نے اس امر کی نشاندہی گزشتہ دنوں اپنی اشاعت میں کی تھی جس میں زرعی زمین کے کھاتے مشکوک بتائے گئے تھے ۔اس ضمن میں ادارہ ترقیات سہون جامشورو کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کنٹرول نے لیٹر نمبر AD/P&DC/SDA/118/2026کے ذریعے بن احسن کے جعلساز اونرکو ہدایت دی ہے کہ کہ وہ اپنی زمین کے کھاتے دوبارہ تصدیق کرائیں کیونکہ محکمہ جنگلات نے ایک لاکھ 60ہزار ایکڑ کے ملکیت کا دعویٰ کیا ہے جس کے بعد زمین کی تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے ۔سات یوم میں متعلقہ اداروں سے تصدیق کراکے ادارے کو آگاہ کیا جائے بصورت دیگر قانونی کارروائی کرتے ہوئے بغیر کسی اضافی نوٹس کے رہائشی اسکیم کا اجازت نامہ اور لے آوٹ پلان منسوخ کردیا جائے گا۔اس صورتحال میں کراچی کے شہریوں کا کروڑوں روپے کا سرمایہ ڈوبنے کا خدشہ لاحق ہوگیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے مذکورہ لیٹر جاری ہوتے ہی بن احسن کے جعلساز اونرز نے رہائشی اسکیم اور زمین کو بچانے کے لئے سیاسی اثرو سوخ استعمال کرنا شروع کردیا ہے ۔اس حوالے سے جب ایس ڈی اے حکام اور ضلعی انتظامیہ جامشورو سے رابطہ کیا گیا تو اس کے متعلق موقف دینے سے ٹال مٹول کی جاتی رہی جبکہ بن احسن کے جعلسازاونر فہد سے رابطہ کرکے موقف حاصل کرنے کی کوشش کی گئی مگر رابطہ نہ ہوسکا ۔(نمائندہ جرأت)


