بی بی سی دفاتر پر چھاپے، امریکا اور برطانیہ کا ردعمل سامنے آ گیا
شیئر کریں
بھارت میں برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کے دفاتر پر انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کے چھاپے پر امریکا اور برطانیہ کا ردعمل سامنے آگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بی بی سی دفاتر میں کیے گئے ٹیکس سروے کی رپورٹس پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب امریکا نے اس معاملے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بی بی سی کے دفاتر پر کیے جانے والے سروے سے آگاہ ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے آزاد میڈیا کی اہمیت اور جمہوریت کو مضبوط بنانے میں اس کے کردار پر بھی زور دیا۔ ترجمان نے کہا کہ ہم دنیا بھر میں آزاد میڈیا کی اہمیت کی حمایت کرتے ہیں، ہم آزادی اظہار، مذہب یا عقیدے کی آزادی کی اہمیت کو انسانی حقوق کے طور پر اجاگر کرتے رہتے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ آزاد میڈیا دنیا بھر میں جمہوریتوں کو مضبوط کرنے میں کردار ادا کرتا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ آزاد میڈیا سے بھارت کی جمہوریت مضبوط ہوئی ہے۔