میرپورخاص: بارہویں جماعت کے امتحانی نتائج رشوت لے کر تبدیل کیے جانے کا انکشاف
جرات ڈیسک
اتوار, ۱۸ دسمبر ۲۰۲۲
شیئر کریں
میرپورخاص میں بارہویں جماعت کے امتحانی نتائج رشوت لے کر تبدیل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ چیئرمین میر پور خاص بورڈ برکت علی نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تعلیمی بورڈ کے کنٹرولر غلام علی سمیت 4 افسران کو معطل کردیا۔ بورڈ کے 8 دیگر افسران و اہلکاروں کے بھی تبادلے کردیے گئے۔چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ بارہویں جماعت کے نتائج رشوت لے کر بدلے گئے، والدین نے شکایت کی تھی کہ جو طلبہ پڑھتے نہیں تھے انہوں نے امتحانات میں اول پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے بتایا کہ سیکریٹریٹ برانچ کا ریکارڈ چیک کرنے پر بڑے پیمانے پر جعلسازی سامنے آئی۔