ملک میں عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی تکنیکی گرانٹ منظور
شیئر کریں
ملک میں عام انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو تکنیکی گرانٹ کی منظوری دے دی گئی۔ نجی چینل نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو تکنیکی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے عام انتخابات کے لیے 47 ارب روپے مانگے گئے تاہم 47 ارب روپے کی گرانٹ منظور نہیں ہوئی بلکہ اس وقت الیکشن کمیشن کیلئے 15 ارب روپے تکنیکی گرانٹ کی منظوری دی گئی، الیکشن کمیشن کو پہلی قسط 5 ارب روپے اداکی جائے گی، اس کے علاوہ میڈیا مہم چلانے کے لیے اجلاس میں وزارت اطلاعات و نشریات کی سمری پر بجٹ کی بھی منظور دی گئی جب کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کے الیکٹرک کے لیے ٹیرف سے متعلق سمری پر بھی غور کیا گیا۔بتاتے چلیں کہ ملک میں عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا، یہ اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت ہوا، جس میں الیکشن کمیشن کے صوبائی حکام بھی شریک ہوئے، اس کے علاوہ الیکشن کمیشن کے تمام شعبوں کے ذمہ داران نے بھی اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، جس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو جنرل الیکشن کی تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ معلوم ہوا ہے کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے حکمت عملی تیار کرلی ہے، اس ضمن میں غیرحساس میٹریل کی خریداری کرلی گئی ہے، بیلٹ پیپرز کے لیے کاغذ بھی حاصل کرلیا گیا ہے اور انتخابات کے لیے میٹریل کی پرنٹنگ کا عمل جاری ہے، حلقہ بندیاں مکمل کی جاچکی ہیں جب کہ انتخابی فہرستیں اپ ڈیٹ کرنے کے علاوہ پولنگ اسٹاف کا تمام ڈیٹا، پولنگ اسٹیشنز کی تعداد اور ان کے لیے متعین کردہ جگہوں سے متعلق ضروری ڈیٹا بھی تیار ہوچکا ہے۔