نواز شریف رواں سال ختم ہونے سے پہلے پاکستان آ جائیں گے،خواجہ آصف
شیئر کریں
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف رواں سال ختم ہونے سے پہلے وطن واپس آجائیں گے۔تحریک انصاف کے احتجاج کے وجہ سے اگر شہریوں کے حقوق پامال ہوئے تو حفاظت کریں گے،معیشت کی بہتری ہماری اولین ترجیح ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن آئین اور قانون کی حدود کو عبور نہ کیا جائے،اگر کسی نے آئینی حد عبور کی تو قانون حرکت میں آئے گا۔اتحادیوں سے درخواست ہے کہ وہ سیلاب متاثرین اقدامات کو مزید تیز کریں جبکہ حکومت کا فرض ہے کہ سیلاب زدگان کو چھت فراہم کرے۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سیلاب زدگان کی بلاتفریق مدد ہونی چاہیے،سردیوں کا موسم ہے اور سیلاب زدگان کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں۔متاثرین کو جو مشکلات ہیں اس سے نمٹنے کیلئے ہرممکن اقدامات ہونے چاہیے۔گزشتہ چار برس کے دوران تحریک کی حکومت میں جو ہمارا حال ہوا ہے وہ سب کے سامنے ہے،کوئی ایک ترقیاتی کام نہیں ہوسکا،لوگوں کو سمجھاتے رہے ہیں کہ یہ حالات ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ دوسرے سیکٹرز سے پیسے نکال کر سیلاب زدگان کو دے رہے ہیں،سیلاب متاثرین کیلئے سردیوں میں رات گزارنا کسی امتحان سے کم نہیں ہے۔سیلاب زدگان کی مدد کرتے وقت کسی سے نہیں پوچھا کہ ان کا کس جماعت سے تعلق ہے۔وفاقی اور صوبائی حکومت آفت کے باعث شکار ہونے والے سیلاب متاثرین کو بلا تفریق امداد دینی چاہیے،ایسے معاملات میں حکومت سیاسی ترجیحات پر کام نہیں کررہی،معیشت کی بہتری ہماری اولین ترجیح ہے۔ قبل ازیں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ فوج اگر خود کو سیاست سے الگ کررہی ہے تو ہمیں اسکی مدد کرنی چاہئے، تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود کے اندر ہی رہنا چاہیے۔