میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
توشہ خانہ کیس بہت چھوٹاہے ابھی تواوربہت کچھ نکلے گا، بلاول بھٹو

توشہ خانہ کیس بہت چھوٹاہے ابھی تواوربہت کچھ نکلے گا، بلاول بھٹو

ویب ڈیسک
جمعه, ۲۱ اکتوبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وفاقی وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی بھرپور امداد پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل گھڑی میں متحدہ عرب امارات کے بھائی پہلے دن سے پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ متحدہ عرب امارت کی جانب سے امدادی سامان کی کھیپ بذریعہ سمندر کراچی پہنچنے اور اسے حکومتِ پاکستان کے حوالے کرنے کے موقع پر منعقد تقریب سے خطاب اور بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومتِ متحدہ عرب امارت اور اس کے ادارے ریڈ کراس کی جانب سے بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں اس وقت بھی امدادی سرگرمیاں جاری تھیں کہ جب بارشیں ابھی رکی بھی نہیں تھیں اور کسی کو ان غیرمعمولی بارشوں کی وجہ سے ہونے والے نقصان کا اندازہ بھی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بحران کے دوران متحدہ عرب امارت نے پاکستان کے درمیان ایک ایئر برج بنایا، اور پوری دنیا سے آنے والے امدادی سامان کو پاکستان کو مفت ارسال کیا۔ ایک صحافی کی جانب سے ایف اے ٹی ایف کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیرِخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب سے انہوں نے وزارتِ خارجہ کا قلمدان سنبھالا ہے، وہ اس معاملے کے حل کے لیے تندہی سے کام کر رہے ہیں اور وزارتِ داخلہ دن رات محنت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایسے سیاستدان نہیں ہیں جو بے جا شور مچانے میں یقین رکھتے ہیں، ایک اور سوال کے جواب میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ عمران خان کے خلاف بہت سارے ثبوت اور مقدمات ہیں، اور ان میں توشہ خانہ بہت چھوٹا مقدمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس بھی موجود ہے، اسرائیل اور بھارت کے شہریوں سے پیسے لیے گئے ہیں۔ ہمیں عمران خان کے خلاف دیگر مقدمات میں بھی انصاف کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تک تو وہ سلیکٹڈ اور لاڈلا تھا، اور کسی ادارے میں ہمت نہیں تھی کہ اس کے خلاف فیصلے دے، لیکن اب یہ ابتدا ہے، ایسے بہت سارے اور بھی فیصلے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یقینا عمران خان پریشان ہوں گے، لیکن ابھی ان کے پاس قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے آپشن ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو میرا مشورہ یہ ہے کہ ان کے پاس سیاست سے ریٹائرمنٹ ہی بہتر آپشن ہے، بنی گالہ میں بیٹھ کر اپنی زندگی کے باقی دنوں کے مزے اٹھائیں، اور ملک اور قوم کو جینے دیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے کہ وہ چوروں کے ساتھ ہاتھ بھی نہیں ملائیں گے، لیکن اب وہ خود توشہ خانہ سے چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت کا وقت ختم ہوچکا ہے، اگر کسی سیاستدان اور سیاسی جماعت کو بات کرنی ہے، تو پارلیمان موجود ہے اور اس فورم سے ہی بات آگے چل سکتی ہے۔ وزیر خارجہ نے میڈیا سمیت سب کو اپیل کی کہ وہ اپنی توجہ سیلاب متاثرین سے نہ ہٹائیں۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزابی اور دیگر بھی موجود تھے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں