میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کراچی میں پارکنگ مافیا بے لگام ، مرکزی شاہراہوں پر بھی پارکنگ بھتہ لینا شروع کر دیا

کراچی میں پارکنگ مافیا بے لگام ، مرکزی شاہراہوں پر بھی پارکنگ بھتہ لینا شروع کر دیا

جرات ڈیسک
جمعرات, ۱۳ اکتوبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

شہرقائد میں پارکنگ مافیا کے پنجے دن بدن مضبوط ہوتے جارہے ہیں کے ایم سی ، ڈی ایم سی اور ضلعی انتظامیہ کے افسران شہر کی مختلف شاہراہوں پر غنڈہ گردی سے شہریوں سے پارکنگ کے پیسے لینے والی پارکنگ مافیا کی سرپرستی کررہے ہیں، کراچی کی کوئی بھی بلڈنگ ، شاپنگ سینٹر یا شاپنگ پلازہ ایسا نہیں ہے جہاں ضلعی انتظامیہ کے افسران کے بٹھائے ہوئے پارکنگ والے لوگ نہ ہوں، اعلیٰ افسران ، علاقہ پولیس اور دیگر اداروں کو ماہانہ دینے والے پارکنگ مافیا کے ٹھیکیداروں کے کارندے بعض اوقات تو شہریوں کی نئی اور مہنگی گاڑیوں کا نقصان بھی کردیتے ہیں، جن کو پوچھنے والا کوئی نہیں ہوتا، کمشنر کراچی نے پارکنگ ختم کرنے اور شہریوں کو پریشان نہ کرنے کے احکامات کو ان کے ماتحت افسران و اہلکاروں نے ہوا میں اڑا دیا ہے، کراچی کی مشہور ترین مارکیٹ موبائل مارکیٹ کے باہر پارکنگ مافیا فی موٹر سائیکل تیس روپے لے رہی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر وہاں لاکھوں موٹر سائیکلیں پارک ہوتی ہیں جبکہ پارکنگ مافیا نے روزانہ کم اجرت پر کام کرنے والے غیر قانونی افغانیوں کو پارکنگ کے لیئے دیہاڑی پر رکھا ہوا ہے جو بعد میں موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں چوری کرتے ہیں پارکنگ میں گاڑی یا موٹر سائیکل کھڑی کرنے کی صورت میں اکثر و بیشتر گاڑی یا موٹر سائیکل کی چابی بھی پارکنگ والوں کودینی پڑتی ہے جس کی ڈپلیکٹ چابی یہ لوگ فوری طور پر بنوا لیتے ہیں اور بعد میں ان کے کارند ے موٹر سائیکل یا گاڑی جو ان کا ہدف ہوتی ہے اس کا پیچھا کرتے ہیں اور موقع ملتے ہی گاڑی یا موٹر سائیکل چوری کرلیتے ہیں، ایک سروے کے مطابق کراچی میں پارکنگ مافیا کے لیئے کام کرنے والے نوے فیصد لوگوں کے پاس نہ تو شناختی کارڈ ہوتا ہے اور نہ ہی حکومت پاکستان کے پاس ان لوگوں کو کوئی ڈیٹا موجود ہے یہ لوگ کون ہیں اورکہاں سے آئے ہیں کچھ پتہ نہیں، جو کہ سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، صرف صدرکا علاقہ ہی نہیں بلکہ کراچی کے تمام علاقے کلفٹن، ڈیفنس، سی ویو، یونیورسٹی روڈ، حسن اسکوائر، ملیر اور تمام دیگر علاقوں میں پارکنگ مافیا پوری بدمعاشی کے ساتھ شہریوں سے زبردستی پیسے وصول کررہے ہیں اور اگر کوئی شہری پیسے دینے سے انکار کرتا ہے تو اس کو مارتے پیٹتے ہیں اوراس کو گاڑی کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔ پارکنگ مافیا اب تو مین شاہراؤں پر گاڑی پارک کرنے پر بھی فیس وصول کررہی ہے ، سندھ حکومت اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو پارکنگ مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے کراچی کے شہریوں کے مسائل اور ان کی داد رسی کرنے والا کوئی نہیں ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں