سندھ حکومت نے خیمہ بستی بسادی بارش سیلاب متاثرین کی محفوظ مقامات پرمنتقلی جار ی
شیئر کریں
متاثرین بارش وسیلاب کوعارضی خیمہ بستیوں میں خوراک ،ادویات ودیگرضروری سامان کی فراہمی کاسلسلہ جاری
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیلاب متاثرہ علاقوں سے پانی نکالنے کاعمل جاری ،فلاحی ادارے بھی کارخیرمیں شریک
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت کی جانب سے بارش متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی اور ریلیف فراہم کرنے کا عمل جاری ہے ، اس سلسلے میں ضلع سکھر میں ضلعی انتظامیہ نے بارش متاثرین میں تیار کھانا اور دیگر سامان تقسیم کیا۔ گھوٹکی میں بھی ڈپٹی کمشنر گھوٹکی محمد عثمان عبداللہ کی نگرانی میں ضلع کے پانچ تعلقوں میں متاثرین کو روزانہ کی بنیاد پر تیار کھانا فراہم کیا جارہاہے۔ گاؤں اللہ بچایو راہموں اور اس کے اطراف کے دیہاتوں میں 100 سے زائد چارپائیاں ، مچھر دانیاں اور دیگر سامان تقسیم کیا گیا۔ خیرپورمیں میڈیکل کالج و اسپتال کی جانب سے تالپورگرہ میں فری ہیلتھ کیمپ کا انعقاد کیا۔ جہاں گاؤں محمد حیات پھل، گاؤں محمد یوسف پھل، گاؤں چاکرانی، گاؤں تھیبہ، گاؤں الحوریوخاصخیلی،عبدالستار پہوڑ، گاؤں پنڈی مہرانی، گاؤں دودو خاصخیلی، گاؤں مہراورملحقہ علاقوں کے سیلاب متاثرین کے لیے فری میڈیکل کیمپ لگایاگیا۔اس سلسلے میں ڈاکٹروں کی ٹیم نے تقریباً 2500 مریضوں کا معائنہ کیا۔ جن میں 1500 گیسٹرو، 850 جلد کے مریض اور دیگر میں ملیریا، بخار، شوگر، بلڈ پریشر، الرجی کے مریض شامل تھے، جنہیں بروقت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ ٹنڈو محمد خان میں تعلقہ سٹی کے گاؤں مولا داد خاصخیلی میں سندھ حکومت کی جانب سے میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا ہے جہاں میڈیکل ٹیمیں متاثرین کو طبی سہولیات اور دوائوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مختلف بیماریوں سے بچائو کے لیے آگاہی بھی دے رہی ہیں۔قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی کی ہدایت پرمتاثرین سیلاب کے لیے گڑھی یاسین میں ٹینٹ سٹی قائم کیا گیا ہے۔ میونسپل کمیٹی مٹھی کی جانب سے نوکوٹ قلعہ کے متاثرین میں پینے کا پانی فراہم کیا گیا۔ خیرپور میں پاکستان پیپلزپارٹی کے ممبرقومی اسمبلی نواب علی وسان نے خیرپورشہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ انہوں نیمہران یونیورسٹی روڈ، چانڈیہ موڑ، سک پل، سول اسپتال روڈ، مصطفی کالونی، دبر نظامانی اور دیگر مختلف علاقوں کا دورہ کیا،مختلف پمپنگ اسٹیشنز کا معائنہ کیا اورمتعلقہ حکام کوسختی سے ہدایات جاری کی۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کے لیے لگائے گئے کیمپوں کا بھی دورہ کیا اورمتاثرین میں امدادی رقم اورراشن تقسیم کیا۔ انہوں نے سول اسپتال میں داخل متاثرین مریضوں کی عیادت کی اور امدادی رقم تقسیم کی، مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ڈاکٹروں کو سخت ہدایات جاری کیں۔
منتقلی
٭٭٭٭٭٭٭٭
a2
(تین کالم)