ملبہ ہم پر نہ ڈالیں، مِفتاح اسماعیل کی ناکامی کی گواہی نواز شریف دے رہے ہیں : اسد عمر
شیئر کریں
کے پی حکومت نے وفاقی حکومت کو 24 گھنٹے میں جواب دیا،الیکشن کمیشن عدالت نہیں جومن مانے فیصلے کرے
عمران خان کی جانب سے فنڈ ریزنگ کی اپیل کی جائے، عمران خان نے پارٹی کو سیلاب متاثرین کی مدد کی ہدایت کی ہے
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی ناکامی کی گواہی خود نواز شریف دے رہے ہیں۔وفاقی حکومت نااہل ہے کہ ساڑھے 4 ماہ سے آئی ایم ایف سے معاہدہ نہیں ہو رہا، آپ کو معاہدہ کرنے سے کون روک رہا ہے۔کے پی حکومت نے وفاقی حکومت کو 24 گھنٹے میں جواب دیا، خبردار اپنا ملبہ دوسروں پر نہ ڈالیں اور یہ نہیں کہیں کہ آئی ایم ایف معاہدہ کے پی حکومت کی وجہ سے نہیں ہو رہا۔وہ ہفتہ کو کراچی میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔اسد عمر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے غیر آئینی نوٹس جاری کیا ہے، عمران خان اور مجھے اور فواد چوہدری توہین الیکشن کمیشن کا نوٹس دیا۔ آئین واضح ہے الیکشن کمیشن عدالت نہیں ہے۔ سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ آرٹیکل 204 کے تحت کارروائی کرسکتی ہے۔ یہ کوئی عدالت نہیں ہے جب اس قسم من مانے اور یکطرفہ فیصلے کرے گا تو تنقید تو ہوگی۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی نوٹس کے خلاف درخواست دائر کی ہے۔ پی ٹی آئی کے خلاف الیکشن کمیشن کے جو فیصلے آرہے ہیں، اس کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں۔ الیکشن کمیشن چاہتا ہے کہ سیاہ کو سفید اور سفید کو سیاہ کرتا رہے اور ہم مانتے رہیں تو ایسا نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہر معاملے میں کوشش ہے کہ طاقت کو استعمال کر کے ہر آواز کو دبا دیا جائے، لیکن یہ آپ کی خام خیالی ہے کہ یہ خام خیالی ہے کہ آپ طاقت کے زور پر ملک چلا لیں گے، آج افراط زر 46 فیصد تک پہنچ گیا ہے، حکمرانوں نے لوگوں سے روزگار چھین لیا ہے، حکومت میں شامل لوگ بے حس ہیں۔اسد عمر نے کہا کہ دنیا بھر سے یہ بات سامنے آرہی ہے کہ عمران خان کی جانب سے فنڈ ریزنگ کی اپیل کی جائے، عمران خان نے پارٹی کو سیلاب متاثرین کی مدد کی ہدایت کی ہے، ہماری کوشش ہے جتنی معاونت ہوسکے وہ کی جائے، صوبائی حکومتیں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں، جولوگ مشکل میں ہیں قوم ان کی مدد کے لیے آگے بڑھے گی۔انہوںنے کہا کہ سیلاب کی صورت میں قوم کی اچھی بات یہ ہے کہ مشکل وقت میں اکھٹا ہوجاتی ہے۔ عمران خان کی پارٹی کو ہدایت ہے کہ اپنے علاقوں میں اور دیگر مقامات پر متاثرین کی مدد کرنی ہے۔ خصوصی طور پر پنجاب اور کے پی کے میں حکومتوں کو متحرک کیا گیا ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان کی طرف فنڈز ریزنگ کی اپیل کیلئے کہا جارہا ہے اس پر بات چیت ہو رہی ہے۔ جلد اس حوالے سے فیصلہ ہوجائے گا۔اسد عمر نے کہا کہ مفتاح اسماعیل کہہ رہے ہیں تحریک انصاف کی وجہ سے آئی ایم ایف کی ڈیل نہیں ہو رہی ہے۔ سارا ملبہ پی ٹی آئی پر ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آپ سب کو چھوڑیں، آپ کی نااہلی کی تو نواز شریف گواہی دے رہے ہیں۔ تین ماہ کی ناکامی تیمور جھگڑا کے خط پر ڈال رہے ہیں۔