سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کے قواعد کی دھجیاں اُڑادی
شیئر کریں
الیکشن کمیشن کے اعتراض کے باوجود نواز سوہو اسپیشل سیکریٹری صحت اور حفیظ سیال نے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر کا چارج سنبھال لیا
محکمہ صحت نے بھی پابندی کی دھجیاں اڑاتے گریڈ 20کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصراللہ کا تبادلہ کرکے ڈائریکٹر میرپورخاص مقرر کردیا،رپورٹ
حیدرآباد (رپورٹ :شاہنواز خاصخیلی)الیکشن کمیشن کی پابندی کے باوجود تبادلوں اور تقرریوں کا سلسلہ جاری، الیکشن کمیشن کے اعتراض کے باوجود نواز سوہو نے اسپیشل سیکریٹری صحت اور حفیظ سیال نے بھی ڈپٹی کمشنر تھرپارکر کا چارج سنبھال لیا، محکمہ صحت نے پابندی کے باوجود گریڈ 20 کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر نصراللہ کا میرپورخاص تبادلہ کردیا، تفصیلات کے مطابق بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مکمل ہونے سے قبل الیکشن کمیشن نے تبادلوں و تقرریوں پر پابندی عائد کی تھی، تاہم سندھ حکومت نے پابندی کے قواعد و ضوابط کی دھجیاں اڑاتے ہوئے تبادلوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا، یکم اگست کو سندھ حکومت نے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نواز سوہو کا تبادلہ کرکے اسپیشل سیکریٹری صحت، جبکہ جیکب آباد کے ڈپٹی کمشنر عبدالحفیظ سیال کا تبادلہ کرکے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر مقرر کیا تھا، 3اگست کو ڈائریکٹر الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کو لیٹر لکھ کر تبادلے واپس لینے کیلئے کہا تھا، تاہم سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کی ہدایت بالائے طاق رکھ دیں، الیکشن کمیشن کے لیٹر کے باوجود نواز سوہو نے اسپیشل سیکریٹری ہیلتھ اور عبدالحفیظ سیال نے بھی ڈپٹی کمشنر تھرپارکر کا عہدہ سنبھال لیا ہے، حیدرآباد بلدیاتی الیکشن کے دوسری فیز میں شامل ہے، تاہم محکمہ صحت نے بھی الیکشن کمیشن کی پابندی کی دھجیاں اڑاتے ہوئے گریڈ 20 کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایچ ای ڈاکٹر نصراللہ کا تبادلہ کرکے ڈائریکٹر میرپورخاص مقرر کردیا ہے۔