وزیراعظم کی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں کٹوتی نہ کرنے کی ہدایت
شیئر کریں
وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی بحالی اور بجٹ 2022-23 میں کٹوتی نہ کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کو مسلم لیگ (ن)کے سابق دور کی طرز پر فعال بنایا جائے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ہائر ایجوکیشن کمیشن سے متعلق وزارت منصوبہ بندی اور خزانہ کو ہدایات جاری کیں ۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں گزشتہ پونے چار سال میں کٹوتیوں نے اعلیٰ تعلیم پر منفی اثر ڈالا ہے، اس عمل کو ریورس کیا جائے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے وسائل میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے۔ اساتذہ اور طالب علموں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ملک بھر کی یونیورسٹیوں میں تعلیمی پراجیکٹس کی بحالی پر توجہ مرکوز کی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کو عالمی معیار پر استوار کرتے ہوئے پروگرامز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں کٹوتی نہ کی جائے۔